ائیر کینیڈا کی واشنگٹن جانے والی پرواز کی رونالڈ ریگن ائیر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

قومی آواز ۔ ٹورنٹو
Tuesday, March 27, 2018
ائیر کینیڈا کی واشنگٹن جانے والی پرواز کی رونالڈ ریگن ائیر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ، مسافر و عملہ محفوظ
ٹورنٹو سے واشنگٹن جانے والی ائیر کینیڈا کی پرواز کو اس وقت ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی جب کاک پٹ میں دھواں بھر گیا ۔ پائلٹ نے پرواز کو فوری طور پر رونالڈ ریگن ائیر پورٹ پر اتار لیا اور مسافروں کو طیارے سے اتار کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ فلائٹ 7518کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ اس پرواز میں تریسٹھ مسافر اور عملے کے چار افراد سفر کر رہے تھے۔ اس موقع پر حفاظتی انتظامات کے تحت طبی عملہ و دیگر سیکیورٹی ایجنسیوں کے اہلکار بھی موقع پر موجود تھے۔واشنگٹن ائیر پورٹ کے ترجمان اینڈریو ٹریل کا کہنا ہے کہ تمام مسافروں کو ایمرجنسی گیٹ سے ہنگامی بنیادوں پر باہر نکالا گیا۔ترجمان کے مطابق فلائٹ ایمرجنسی کے باوجود کوئی پرواز تاخیر کا شکار نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی ائیر پورٹ بند کیا گیا۔ فضائی ٹریفک بھی اپنے معمول کے مطابق جاری ہے تاہم انجینئرز متاثرہ طیارے کا معائنہ کریں گے تاکہ خرابی کا پتہ لگایا جا سکے۔