اقوام متحدہ میں امریکہ بارے ووٹنگ کے دوران کینیڈا غیر جانبدار ، حمایت یا مخالفت میں ووٹ دینے سے گریز

Friday, December 22, 2017
قومی آواز۔۔۔ ٹورنٹو ۔۔۔
امریکہ کی جانب سے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور امریکی سفارتخانہ وہاں منتقل کرنے کے اعلان کے بعد دنیا بھر میں ہونے والے شدید رد عمل کے بعد اقوام متحدہ میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران کینیڈا کا نمائندہ غیر جانبدار رہا اور اس نے امریکی حمایت یا مخالفت میں ووٹ دینے سے گریز کیا۔ ووٹ نہ دینے والے ممالک کی تعداد پینتیس بتائی جاتی ہے جبکہ سو سے زائد ممالک نے امریکی پالیسی کے خلاف ووٹ دیا اور القدس کو امریکی کی جانب سے اسرائیل کا دارلحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کے خلاف ووٹ دیا۔ ان ممالک کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کا یہ فیصلہ سراسر غیر قانونی اور عالمی اصولوں اور رائے عامہ کے خلاف ہے جسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جا سکتا ۔ کینیڈین ترجمان کے مطابق کینیڈا القدس کا پر امن حل چاہتا ہے اور یہ حل اسرائیل اور فلسظینیوں کے ما بین بات چیت سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ کینیڈا کے مطابق اسرائیل کے ساتھ ایک پر امن فلسطینی ریاست ہی مسئلے کا حل ہے۔ کینیڈین ترجمان کے مطابق کینیڈا مسئلے کے پر امن حل کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔