امریکا اور ترکی کے درمیان ویزا سروس بند

قومی آواز ۔
واشنگٹن
09 اکتوبر ، 2017

امریکا کی جانب سے ترکی کے لیے ویزا سروس معطل کیے جانے کے بعد ترکی نے بھی جوابی اقدام اٹھاتے ہوئے امریکی شہریوں کے لیے ویزا سروس معطل کردی ہے۔

گزشتہ ہفتے ترک پولیس نے فتح اللہ گولن کی تنظیم سے روابط پر ایک امریکی سفارتی اہلکار کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں میں سفارتی سطح پر تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں۔

سفارتی اہلکار کی گرفتاری کے بعد امریکا نے ترکی شہریوں کے لیے ’نان امیگرینٹ‘ ویزا سروس بند کر دی۔

انقرہ میں امریکی سفارت خانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق حالیہ واقعات نے امریکی حکومت کو مجبور کر دیا ہے کہ وہ ترکی میں امریکی مشن اور اہلکاروں کو ترک حکومت کےسیکیورٹی فراہم کرنے کے عزم کا دوبارہ جائزہ لے۔

امریکی فیصلے کے چند گھنٹوں بعد ترکی نے بھی جوابی ردعمل میں امریکی شہریوں کے لیے ویزا سروس معطل کردی۔ امریکا میں ترک سفارتخانے نے آن لائن ویزا، الیکٹرانک ویزا اور سرحدوں پر دیئے جانے والی ویزا سروس معطل کردی۔