برامپٹن میں شتر مرغ شہری کے لئے وبال جان بن گیا

قومی آواز برامپٹن
Saturday, March 10, 2018
برامپٹن میں شتر مرغ شہری کے لئے وبال جان بن گیا،طویل فاصلے تک تعاقب کیا

برامپٹن کے علاقے میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب ایک جنگلی شتر مرغ ایک شخص کے لئے وبال جان بن گیا اور طویل فاصلے تک اس کا پیچھا کرتا اور ڈرا ہوا شہری اس سے بچنے کی کوشش کرتا رہا۔ کسی منچلے نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دی جسے لاکھوں لوگوں نے دیکھا اور پسند کیا۔ ویڈیو میں عمر رسیدہ ڈرے ہوئے شخص کو صاف دیکھا جا سکتا ہے جو شتر مرغ سے بچنے کے لئے ادھر ادھر ہونے کی کوشش کر رہا مگر شتر مرغ نے اس کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ایک جنگلی شتر مرغ کو شہری علاقے کے اس قدر قریب دیکھا گیا بلکہ اس سے قبل بھی بہت سے مواقعے پر مختلف پرندے شہری علاقوں کا رخ کرتے رہے ہیں اور لوگوں کے کافی قریب آتے دیکھے گئے ہیں۔ شہری انتظامیہ نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان جنگلی جانوروں اور پرندوں سے دور رہیں اور ان کو کچھ کھلانے پلانے سے بھی پرہیز کریں تاکہ یہ شہریوں سے مانوس ہو کر مزید پریشانیوں کا باعث نہ بنیں۔