برامپٹن پلازہ میں ہونے والے بلوے میں ملوث مزید دو ملزمان گرفتار، پولیس

قومی آواز ۔ برامپٹن ۔

Sunday, December 24, 2017
برامپٹن میں گزشتہ ہفتے ہونے والے ایک بلوے میں ملوث مزید دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق یہ بلوہ مکلاگن اسٹریٹ پر ویسٹ ایونیو پر برامپٹن پلازہ پر ہوا تھا جس میں ڈنڈوں اور لاٹھیوں کا آزادانہ استعمال ہوا تھا۔ اس بلوے میں ایک انیس سالہ نوجوان زخمی ہو گیاتھا جسے اسپتال لے جانا پڑا تھا۔ اس بلوے کی متعدد لوگوں نے ویڈیو بھی بنا لی تھی اور یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل بھی کر دی گئی تھی جس کے بعد ہی پولیس کو اس واقعے کا پتہ چلا تھا۔
اس سے قبل پولیس نے اس واقعے میں ملوث تین افراد کو گرفتار کیا تھا جن میں بیس سالہ گرپیت سنگھ بائیس سالہ کرنبیر سنگھ اور بائیس سالہ ہربیر سنگھ شامل تھے۔ جس کے بعد اب مزید دو افراد کی گرفتاری عمل میں آئی ہے ۔ گرفتار ہونے والوں میں بیس سالہ وانجیت سنگھ اور انیس سالہ ہمن پیر سنگھ شامل ہیں ۔ دونوں کا تعلق برامپٹن سے بتا یا جاتا ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر اس واقعے کی کسی کو مزید کوئی معلومات ہوں تو وہ پولیس سے رابطہ کریں۔