بلوچستان میں ترقی دیکھ کر دہشت گرد بھاگ جائینگے،وزیراعظم

March 16, 2017
قومی آواز ۔ اسلام آباد ۔ وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا ہےکہ پاکستان ایشیا کا اور بلوچستان پاکستان کا ٹائیگر بنے گا،بلوچستان میں ترقی دیکھ کر دہشت گرد بھاگ جائیں گے۔ انہوں نےگوادر میں اربوں روپے کے منصوبے شروع کرنے کا اعلان بھی کیا ۔

گوادر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نےاعلان کیا کہ گوادر میں عالمی معیار کی یونیورسٹی بنائی جائے گی، تین سو بستروں پر مشتمل اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بنایا جائے گا، مفت علاج کے لیے گوادر کے عوام کو ہیلتھ کارڈ جاری کرینگے جس سے ان کا مفت علاج ہوگا۔

وزیر اعظم نے گوادر کی گلیوں اور سڑکوں کے لیے 100 کروڑ روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیدل گوادر کی گلیوں میں جاؤں گا اور دیکھوں گا کہ گلیاں اور سڑکیں کیسی بنی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں گیارہ سو کلومیٹر سڑکیں بن رہی ہیں، سڑکیں ہوتی ہیں تو ترقی ہوتی ہے، کوئی بیمار ہو تو وہ آسمان سے اسپتال نہیں پہنچتا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بلوچستان میں ترقی نہیں تھی اور اب ترقی کا راستہ بلوچستان سے نکلتا ہوا نظر آرہا ہے، بہت جلد پاکستان ایشیا کا ٹائیگر بنے گا اور بلوچستان پاکستان کا ٹائیگر بنے گا۔