بہترین منیجرز کی بہترین خصوصیات

قومی آواز–خصوصی رپورٹ
فیس بک کے ملازمین ایک بات جانتے ہیں کہ انہیں کامیاب ہونے کیلئے منیجر بننے کی ضرورت نہیں ۔فیس بک کی ہیومن ریسورس کی چیف لوری گولر کے مطابق فیس بک میں انہیں ہی منیجر منتخب کیا جاتا ہے ،جو منیجر بننا چاہتے ہیں ۔انہوں نے بتا یا کہ فیس بک میں ملازمین سے ان کی بہترین صلاحیتوں کے مطابق اور ان کے مہارت کے شعبوں میں کام لیا جاتا ہے ۔گولر نے بتایا کہ کچھ سال پہلے انہوں نے یہ دیکھنے کے لیے فیس بک میں کیا چیز منیجر کو بہترین بنا تی ہے ایک سروے کرنے کا فیصلہ کیا ۔
انہوں نے فیس بک کی سب سے قابل اور اپنے کام سے مطمئن ٹیم کو دیکھنے کے لیے 10ہزار ملازمین سے معلومات حاصل کی ،گولر نے فیس بک کی بہترین ٹیموں سے ان کے باس یعنی منیجرز کے بارے میںسوالات کیے تو ان بہترین منیجر ز کی 7اہم خصوصیات سامنے آئیں ۔

اپنے ٹیم ممبرز کا خیا ل رکھتے ہیں
لوری گولر کے مطابق منیجرز کے اچھا منیجر بننے کے لیے یہ سب سے اہم اور پہلی خصوصیت ہے ۔گولر کے مطابق سننے میں یہ بنیادی بات لگتی ہے مگر کرنے میں یہ سب سے مشکل ہے ٹیم کی رہنمائی کرنے والے کے لیے ضروری ہے کہ وہ ٹیم میں کام کرنے والے لوگوں سے ذاتی روابط بنا ئے اور ٹیم کے لوگوں کو بھی کامیاب دیکھنا چاہے ۔

وہ ترقی کرنے کے مواقع فراہم کرے
فیس بک کی بہترین ٹیموں کے ممبرز ،جو اپنے کام سے بے انتہا خوش ہیں کا خیال ہے کہ ان کے منیجرز انہیں سیکھنے اور اپنی مہارت بڑھانے کے بھر پور مواقع فراہم کرتے ہیں ۔

وہ اپنی توقعات اور اہداف کو وضاحت سے بیان کرتے ہیں
ملازمین کو معلوم ہونا چاہےے کہ ان کے منیجرز ان سے اصل میں کیا توقع رکھتے ہیں ،منیجرز کو اپنی توقعات اور اہداف وضاحت کے ساتھ ٹیم سے ڈسکس کرنی چاہےے ورنہ منیجرز کو ناکامی کا سامنا کر پڑ سکتا ہے ۔

وہ تواتر سے قابل عمل فیڈ بیک دیتے ہیں
گولر کا کہنا ہے کہ تواتر سے ٹیم ممبر کو ان کے کام کے حوالے سے فیڈ بیک دینا فیس بک کا کلچر بن گیا ہے یہی اچھے منیجرز کی دوسری فطری خصوصیت ہے ۔

گولر کا کہنا ہے کہ یہ دوطرفہ ہو تا ہے اچھا باس اپنی ٹیم کو اس کے کام کے بارے میں فیڈ بیک دیتا ہے اور پھر وہ باس سے اپنے سینئر سے فیڈ بیک لے رہا ہو تا ہے ،گولر کا کہنا ہے کہ اچھے منیجر کے ماتحت کام کرنے والے ،کام کو بہتر طریقے سے کرنے کے لیے اپنی تجاویز دینے سے خوفزدہ نہیں ہوتے ۔وہ کھل کا اظہار خیا ل کرتے ہیں جب کوئی ٹیم اس طرح کا باہمی اعتماد حاصل کرلیتی ہے تو وہ زیادہ تیزی سے اچھا کام کرتی ہے ۔

وہ مددگار ذرائع فراہم کرتے ہیں
اچھے منیجرز اپنی ٹیم کے کام میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔وہ پراجیکٹ مکمل کرنے کیلئے ٹیم ممبر کو ضروری رہنمائی اور ذرائع بھی فراہم کرتے ہیں ۔

وہ کامیابی میں ٹیم کو شامل کرتے ہیں
ملازمین کو معلوم ہونا چاہیے کہ ان کا باس ان کی کارکردگی کے مطابق ذمہ داریوں کا تعین کرے گا ۔کامیابی کی صورت میں انہیں ساتھ شامل کرے گا ۔اس سے ملازمین کو کام کی تحریک ملتی ہے ۔

وہ بہترین کام کی قدر کرتے ہیں
زیاد ہ کام کرنے والے ملازمین کے مطابق وہ اس ماحول میں کام کرتے ہیں جہاں بہترین نتائج پر خوشی منائی جاتی ہے ۔