ترکی کے شہر استنبول میں دھماکہ ،10 افراد جاں بحق

قومی آواز : استنبول: استنبول کے سیاحتی مقام سلطان احمد سکوائر پر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 10 لوگ جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ترک پولیس نے دھماکے کے بعد علاقے کو سیل کر دیا ہے اور اردگرد کے علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ دھماکے کے بعد امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ چکی ہیں اور امدادی کارروائی جاری ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق جائے وقوعہ پر مزید دھماکوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے جس کے باعث وہاں موجود لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں اب تک 8 افراد ہلاک ہوئے ہیں تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دھماکے سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جن میں جرمنی سے تعلق رکھنے والے سیاح بھی شامل ہیں۔ ان زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس کے دھماکے کی جگہ پر جسمانی اعضا بھی بکھرے پڑے ہیں۔ دوسری جانب ایک ترک صحافی نے دعویٰ کیا ہے کہ بظاہر یہ دھماکہ خود کش تھا جس کے بعد آگ کے شعلے بلند ہونا شروع ہو گئے تاہم ابھی دھماکے کی نوعیت سے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔ ترک میڈیا کے مطابق دھماکے کے بعد مقامی ہوٹل میں آگ بھڑک اٹھی ہے جس کے باعث متعدد افراد محصور ہو گئے ہیں۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ ترک صدر نے دھماکے کے بعد اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں موجودہ صورتحال سے متعلق غور و فکر کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں