حسین حقانی کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست

March 15, 2017
قومی آواز ۔ اسلام آباد ۔ امریکہ میں مقیم پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کو انٹر پول کے ذریعےواپس لانے کیلئے سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔

سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں بیرسٹر ظفراللہ خان نے اپنی درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت خارجہ وداخلہ ، وزارت قانون اور حسین حقانی کو فریق بنایا ہے۔

درخواست میں کہاگیا ہے کہ حسین حقانی نے بیرون ملک روانگی سے قبل عدالت عظمیٰ کو وطن واپسی کی یقین دہانی کرائی تھی۔

درخواست میں کہا گیاکہ حسین حقانی نے اپنے حالیہ آرٹیکل میں اعتراف کیا ہےکہ امریکہ نے ان کی مدد سے اسامہ بن لادن کو ہلاک کیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ حسین حقانی ملکی سلامتی کے راز افشا کرتے رہے ہیں، انہیں انٹرپول کے ذریعے پاکستان لاکر عدالت عظمیٰ میں پیش کیا جائے۔

درخواست میں مطالبہ کیا گیا کہ حسین حقانی کے ساتھ جو دیگرلوگ غداری میں ملوث ہیں ان کیخلاف بھی کارروائی کا حکم دیا جائے۔