دبئی ٹیسٹ: حسن علی کی جگہ وہاب ریاض ٹیم میں شامل

قومی آواز ۔
05 اکتوبر ، 2017
دبئی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کل سے سری لنکا کے خلاف شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ان فٹ حسن علی کی جگہ وہاب ریاض ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

دبئی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ لائن میں تبدیلی نہیں لائی جارہی۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ’یہی نوجوان بیٹسمین رہیں گے، امید ہے اچھا کھیل کر میچ جیتیں گے۔‘

سرفراز احمد نے کہا کہ ابوظبی ٹیسٹ جیتنا چاہتےتھے لیکن اب دباؤ میں ہیں۔

اس موقع پر سری لنکن کپتان دنیش چندی مل نے کہا کہ یاسر شاہ عمدہ اسپنر ہیں، اُن سے نمٹنے کی منصوبہ بندی کی ہے، پچ دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں ٹیموں کے اسپنرز میں مقابلہ ہوگا۔

چندی مل نے کہا کہ وننگ کمبی نیشن کو تبدیل نہیں کرنا چاہتے، دونوں ٹیموں میں سخت مقابلہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پچ اسپنرز کےلیے سازگار ہوئی تومیچ دلچسپ ہوگا، ہم ڈرا نہیں، میچ جیتنا چاہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیریز میں جیت سے اعتماد بحال ہوگا اور جیت ان کی ٹیم کے لیے اہم ہوگی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ کل کھیلا جائے گا۔

متحدہ عرب امارات کے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ڈے اینڈ نائٹ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے شروع ہوگا۔

سیریز میں سری لنکا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے، پہلے میچ میں مہمان سری لنکا نے پاکستان کو 21 رنز سے شکست دی تھی۔

دوسرے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے لئے سرفراز الیون پرامید ہیں اور اس سلسلے میں کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس بھی کی ہے۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں صرف 135 رنز کے ہدف کا دفاع کرنے والی سری لنکن ٹیم کے بولر رنگنہ ہیراتھ پر سب کی نظریں ہوں گی جنہوں نے محض 43 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔