دبئی ٹیسٹ: سری لنکا نے تین وکٹیں گنوادیں

:قومی آواز دبئی
اکتوبر  ،  2017, 06
سری لنکا کی پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے۔

متحدہ عرب امارات کے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں آمنے سامنے ہیں۔

مہمان ٹیم کے اوپننگ بلے باز کرارتنے کشال اور جے کے سلوا نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو دونوں نے محتاط بلے بازی کی تاہم 63 کے مجموعی اسکور پر جے کے سلوا 27 رنز پر یاسر شاہ کا شکار ہوگئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز سدیرا سمارا وکراما تھے جو 38 رنز بناکر محمد عامر کا شکار بنے۔

136 کے مجموعی اسکور پر کوسل سلوا یاشر شاہ کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کے لئے قومی ٹیم میں ان فٹ فاسٹ بولر حسن علی کی جگہ وہاب ریاض کو شامل کیا گیا ہے۔

سری لنکا نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، لکشن سنداکان کی جگہ ٹیم میں لہیرو گیمج کو شامل کیا گیا ہے جب کہ انجرڈ لہیرو تھرمانے کی جگہ سدیرا سماراوکراما اپنا ڈیبیو کریں گے۔

سیریز میں سری لنکا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور قومی ٹیم کو سیریز برابر کرنے کے لئے آج سے شروع ہونے والا ٹیسٹ جیتنا ضروری ہے، شکست کی صورت میں مہمان ٹیم سیریز اپنے نام کرلے گی۔

سری لنکا کے ہاتھوں اگر قومی ٹیم کو شکست ہوئی تو پاکستانی ٹیم 7 سال بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر چلی جائے گی.

اس وقت قومی ٹیم عالمی رینکنگ میں چھٹی پوزیشن پر براجمان ہے۔

سری لنکن ٹیم آج اپنا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ گلابی گیند سے کھیلے گی جب کہ پاکستانی ٹیم کا یہ تیسرا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دبئی اور آسٹریلیا کے خلاف برسبین میں گلابی گیند کے ساتھ ٹیسٹ میچ کھیلے تھے۔

سری لنکا کے خلاف کامیابی کے لئے سرفراز الیون پرامید ہے اور اس سلسلے میں کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس بھی کی ہے۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں صرف 135 رنز کے ہدف کا دفاع کرنے والی سری لنکن ٹیم کے بولر رنگنہ ہیراتھ پر سب کی نظریں ہوں گی جنہوں نے محض 43 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔