دھوپ کی شدت سے بچنے کی تدابیر

قومی آواز ۔ ہر موسم انسان پر مختلف طریقوں سے اثرانداز ہوتا ہے جس طرح سردیوں میں جلد بہت خشک ہوجاتی ہے۔ اس کے تدارک کے لئے مختلف لوشنس اور کولڈ کریمس استعمال کی جاتی ہیں۔ اسی طرح گرمیوں میں جلد چکنی ہوجاتی ہے۔ مختلف موسموں کے مطابق خود کو ڈھالنا اور اس کے مطابق اپنی صحت و فٹنس اور خوب صورتی کو برقرار رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ گرمیوں کا موسم اپنے جوبن پر ہے۔ اس موسم میں ہلکے پھلکے کپڑے پہننا، ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کرنا اور چہرے اور جلد کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لئے احتیاط کرنا بہت ضروری ہوتا ہے کیونکہ گرمیاں انسانی جلد پر اپنا گہرا اثر چھوڑتی ہیں۔ کسی کا رنگ کالا ہوجاتا ہے اور کوئی دانوں کی وجہ سے پریشان دکھائی دیتا ہے۔ لڑکیوں کے چہرے پر عموماً ایسے دانے بن جاتے ہیں جو پیپ بھرے ہوتے ہیں اور بعض اوقات یہ دانے چہرے پر بدنما نشانات بھی چھوڑ جاتے ہیں اور ہزارہا کریمس لگانے پر بھی ختم نہیں ہوتے۔ مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر سے ہم ان بدنما دانوں اور ان کے نشانات سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ گرمیوں کے موسم میں چہرے کا مساج ملتانی مٹی سے کریں۔ ٭ ملتانی مٹی ایک برتن میں ڈال کر دودھ میں مکس کریں اور اس کا چہرے پر لیپ کریں۔ خشک ہونے پر مل کر چہرے سے اُتار لیں اور تازہ پانی سے چہرہ دھولیں۔ چہرہ دھوتے وقت ہمیشہ اینٹی بیکٹیریل صابن استعمال کریں۔ اس سے جراثیم ختم ہوجاتے ہیں اور چہرے پر دانے بننے کے اثرات بھی کم ہوجاتے ہیں۔ ٭ دانوں میں اکثر اوقات پس بھر جاتا ہے۔ اس صورت میں چہرے کو دو سے تین بار سادہ پانی سے دھونا بہت ضروری ہے۔٭ اگر جلد چکنی ہے تو انڈے کی سفیدی میں چند قطرے لیموں اور تھوڑا سا شہد ملاکر لگائیں۔ اس پیسٹ کو 10 منٹ تک چہرے پر لگانے سے چکنائی کنٹرول ہوجاتی ہے اور دانے بھی نہیں نکلتے۔ ٭ اسکربنگ کے لئے جَوکے آٹے میں بیسن اور دہی ملاکر پیسٹ بنالیں۔ اس سے اسکرب کریں تو چہرہ تر و تازہ اور ہشاش بشاش نظر آئے گا۔ ٭ دہی میں تھوڑی شکر ملاکر اسے چہرے پر 10 سے 15 منٹ لگائیں۔ اس سے دانوں کے نکلنے کی مقدار میں کمی واقع ہوتی ہے۔ دہی میں موجود سٹرک ایسڈ جراثیم ختم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ ٭ گھر سے باہر نکلتے وقت سَن بلاک ضرور استعمال کریں اور چہرے کو دھوپ سے بچانے کے لئے اسکارف باندھ لیں۔ باہر سے واپس آنے کے بعد چہرے پر عرق گلاب کے چھینٹے مارنے سے چہرہ تر و تازہ اور سُرخی مائل ہوجاتا ہے۔ ٭ گرمی کی وجہ سے اکثر لڑکیوں کی جلد کالی ہوجاتی ہے، خصوصاً گردن، اس کے لئے آلو کاٹ کر اس پر نمک چھڑک کر دس منٹ تک رکھ دیں۔ جب نمک جذب ہوجائے تو اسے کالے حصے پر ملیں۔ روزانہ ملنے سے آٹھ دن میں رنگت نکھر آئے گی۔ ٭ آنکھوں کے گرد بنے ہوئے حلقے بہت بدنما لگتے ہیں۔ انہیں کم کرنے کے لئے کھیرے کو قتلوں کی صورت میں کاٹ لیں اور آنکھوں پر رکھیں۔ اگر کھیرا دستیاب نہ ہو تو آلو کے قتلے کاٹ کر رکھنے سے جلد بہتر ہوجاتی ہے۔ اگر جلد پر ایسے دانے بنے ہوں جنہیں ’’بلیک ہیڈز‘‘ کہتے ہیں۔ ان کے لئے روزانہ باہر سے آکر ڈپٹول کے تین سے چار قطرے پانی میں مکس کرکے روئی کی مدد سے چہرے پر اچھی طرح لگائیں۔ جب 10 منٹ ہوجائیں تو کسی اچھے فیس واش سے چہرہ دھولیں۔ بدلتے موسم کے تقاضے پورے کرنے کے لئے اپنے روزمرہ کے معمولات میں تبدیلی ایک فن ہے۔ مختلف کریمس استعمال کرنے سے ہماری جلد کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس لئے جلد کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لئے ایسی چیزیں استعمال کریں جو گھر پر موجود ہوں تاکہ کم خرچ میں آپ بدلتے موسموں کے ساتھ خود کو خوبصورت اور جاذب نظر بناسکیں ۔


متعلقہ خبریں