ذہن سے چپکی موسیقی سے جان چھڑانے کا آسان طریقہ

قومی آوازلندن: اکثر اوقات ایسا بھی ہوتا ہے جب آپ کوئی گانا سنتے ہیں توبار بار بے اختیار گنگنانے لگتے ہیں ۔ آپ کو ایسا محسوس ہوتا ہے گانا آپ کے ذہن میں گردش کر رہا ہے ۔ آپ چاہ کر بھی اس گانے کو گنگنانے سے باز رہنے سے قاصر رہتے ہیں ۔ تاہم حال ہی میں برطانوی محققین کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق میں اس مصیبت سے جان چھڑانے کا ایک انتہائی آسان طریقہ وضع کیا گیا ہے ۔ یونیورسٹی آف کارڈیف میں کی گئی تحقیق کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ کو بار بار گانا ذہن میں گردش کرنے جیسی صورتحال درپیش ہوتو آپ کو چاہیے کہ چیونگم چبانے لگیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جب ہم چیونگم چباتے ہیں تو یہ ہمارے ذہن میں گردش کرنے والی موسیقی کو دہرانے کے عمل کو کمزور کرتی ہیں اور اگر ہمارے ذہن میں کوئی گانا یا موسیقی بار بار آرہی ہوتو چیونگم کھانے سے کافی حد تک نجات مل جاتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ چیونگم کی وجہ سے ہمارے موسیقی کو یاد کرنے والے پٹھے کمزور ہوتے ہیں اور ہم گانے سے نجات حاصل کرلیتے ہیں۔