سعودی عرب نے جرمنی سے اپنے سفیر کو بلالیا

Thursday, November 18, 2017
قومی آواز ۔
: ویب ڈسک
ریاض: سعودی عرب نے جرمنی کے دارالحکومت برلن میں تعینات اپنے سفیر کو واپس بلوا لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے جرمن وزیر خارجہ کے لبنان سے متعلق متنازع بیان پر احتجاج کرتے ہوئے یہ اقدام اٹھایا ہے۔

واضح رہے کہ جرمن وزیر خارجہ نے اپنے متنازع بیان کہا تھا کہ سعودی عرب نے لبنان کے سابق وزیراعظم سعد الحریری کو ان کی مرضی کے خلاف ریاض میں روک رکھا ہے۔

واضح رہے کہ لبنان کے وزیراعظم سعد حریری نے رواں ماہ 4 نومبر کو ملک میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور اپنی جان کو درپیش خطرات کے پیش نظر عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

بعدازاں اس حوالے سے خبریں گردش کرنے لگیں کہ سعد الحریری کو سعودی عرب میں نظربند کردیا گیا ہے تاہم انہوں نے اپنی نظر بندی کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بالکل آزاد ہیں اور جہاں جانا چاہیں جا سکتے ہیں۔

سعد الحریری نے جلد واپس لبنان جانے کا اعلان بھی کیا تھا، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ اگر حزب اللہ عدم مداخلت کی پالیسی کا احترام کرے تو وہ استعفیٰ واپس لے لیں گے۔