سمارٹ فون سے تھری ڈی تصاویر ،ویڈیو بنانیوالی ڈیوائس

تائیوان ( نیوزڈیسک) تائیوان میں پیش کی گئی ایک نئی ڈیوائس آئی پلگ کے ذریعے تھری ڈی تصاویر اور ویڈیوز بنائی جا سکتی ہیں جبکہ یہ چھوٹی سی کیمرہ ڈیوائس اینڈرائیڈ فون میں یوایس بی کے ذریعے لگائی جا سکتی ہے۔تائیوان میں متعارف کرائی گئی ڈیوائس آئی پلگ کے ذریعے اینڈرائیڈ صارفین اپنے فون سے تھری ڈی تصاویر اور ویڈیوز بنا سکتے ہیں۔ یو ایس بی پورٹ کے ذریعے چلنے والی اس ڈیوائس کو اینڈرائیڈ فون کے ساتھ کسی بھی رخ پر لگایا جاسکتا ہے یعنی اسے بطور بیک اور فرنٹ کیمرہ دونوں صورتوں میں استعمال کیاجا سکتا ہے ۔ اگرچہ یہ مکمل 360 ڈگری زاوئیے کی ویڈیو تو نہیں بنا سکتا لیکن یہ ریکارڈنگ میں اتنی گہرائی ضرور شامل کر سکتا ہے جس سے ویڈیو میں حقیقی تھری ڈی تکنیک کا احساس ہوتا ہے ۔اسے چلنے کے لیے اینڈرائیڈ سمارٹ فون کی یو ایس بی پورٹ درکار ہوتی ہے ۔ آئی پلگ فی الحال آئی فون صارفین کے لیے دستیاب نہیں لیکن اس کے کامیاب تجربے کے بعد اسے آئی فون کے لیے بھی پیش کیا جا سکتا ہے۔ اس کی سب سے خاص بات زیادہ سے زیادہ تھری ڈی تصاویر دکھا سکنے والی کیمرہ ایپلی کیشنز کے ساتھ مطابقت اور صرف 35 امریکی ڈالر جیسی حیرت انگیز قیمت ہے ۔ فی الحال اس کے زیادہ فیچرز پر سے پردہ نہیں اٹھایا گیا کیونکہ یہ ڈیوائس تجرباتی مراحل میں ہے لیکن اس سال کے اختتام تک اسے فروخت کے لیے ضرور پیش کر دیا جائے گا۔آئی پلگ کے ذریعے بنائی گئی تھری ڈی تصاویر اور ویڈیوز کا صحیح لطف اٹھانے کے لیے گوگل کارڈ بورڈ کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے۔ گوگل کارڈ بورڈ ورچوئل ریئلٹی ہیڈ سیٹ ہے جو اس حوالے سے سستاترین ہیڈ سیٹ ہے۔ بہرحال آئی پلگ ڈیوائس کی بدولت سمارٹ فون صارفین کا فون کے ذریعے تھری ڈی ریکارڈنگ کا خواب بھی پورا ہو سکے گا۔