سپر مون کے شاندار نظارے کو پاکستان میں دیکھا جا رہا ہے

November 14, 2016

قومی آواز ۔ اڑسٹھ سال بعد رونما ہونے والے سپر مون کے شاندار نظارے کو پاکستان میں دیکھا جا رہا ہے، ایک سے ایک حسین چہرہ زمین پر مل جائے گا لیکن آج آسمان پر نظر دوڑانے والوں کو چاند سے زیادہ حسین آج کوئی نہیں دکھائی دے گا۔
عام چاند سے بڑا، زیادہ روشن، اکیسویں صدی میں ہونے والا سب سے بڑا سپر مون، پورا چاند اور وہ بھی سال کا سب سے بڑا یعنی آج کی رات چاند کو ہی چار چاند لگ گئے۔

روشن ،حسین اور قریب ،ایک تو پورا چاند اور پھر زمین کے اور بھی پاس ،یہ دلکش نظارہ سپر مون کا ہے جسے دیکھ کر یوں لگ رہا ہے کہ گویا چاند ہی زمین پر اتر آیاہے۔

ماہر فلکیات کے مطابق سپر مون معمول کے چاند سے بڑا اور زیادہ روشن ہےاور اس بار چاند زمین کے اتنا قریب اڑسٹھ سال بعد آیا ہے۔

چودہ نومبر کی رات آسمان پر چمکتا یہ دلکش چاند 2016ءکا سب سے بڑا چاند قرار دیا جارہا ہے، صرف یہی نہیں ناسا کا کہنا ہے کہ یہ اکیسویں صدی میں ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا سپر مون ہے ،غیر معمولی طور پر اتنے ’خوبصورت‘ چاند کا نظارہ دوبارہ دیکھنے کے لیے 25 نومبر 2034 ءتک انتظار کرنا ہوگا۔

محبوب کو چاند سے تشبیہ دینے والوں کی نظریں آج چاند سے ہٹیں گی نہیں،چاندنی راتوں میں تاروں سے باتیں کرنے والے بھی آج ہکا بکا چاند کو تکتے رہیں گے،آج توچاند کی بھی نظر اتارنے کا دل چاہنے لگا۔

اسپین سمیت یورپ کےکئی ممالک نے سپرمون کا یہ حسین نظارہ دیکھ لیا، ماہرین فلکیات کے مطابق آج سپر مون معمول کے چاند سے چودہ فیصد بڑا اور تیس فیصد زیادہ روشن ہے، سپر مون ابھی مزید چند راتوں تک اپنا نظارہ پیش کرتا رہے گا۔

کچھ کا انتظار ختم ہوگیا اور کچھ کا باقی ہے، امریکا ، برطانیہ ، سوئیڈن، فرانس، جرمنی، سمیت کئی یورپی ملکوں میں سپر مون دیکھا گیا ،صرف پاکستان میں ہی نہیں دنیا بھرمیں ہی، ایشیاء سے لے کر آسٹریلیا تک چاند کے دیوانوں کو سپرمون کا انتظار رہا۔

سات دہائیوں بعد زمین کے اتنے پاس آنے والے چاند کا نظارہ کرنے کیلئے امریکا، برطانیہ سمیت متعدد یورپی ممالک میں انتظامات کئے گئےاور سپر مون کا سب سے پہلا دیدار یورپ والوں نے کیا ۔

برطانیہ، جرمنی، فرانس، سوئیڈن اور اسپین سمیت کئی یورپی ملکوں میں اتوار کی رات سپر مون دیکھا گیااور لوگوں نے خوبصورت چاند کی تصویریں بھی شیئر کی،امریکا، ارجنٹینا سمیت جنوبی امریکی ممالک میں بھی زمین کے قریب آئے چاند نے اپنی روشنی بکھیری۔