شالیمار ٹرین حادثہ،ٹینکر کا ایکسل ٹوٹنے کے باعث ہوا: ڈرائیور

March 28, 2017
قومی آواز ۔  شیخوپورہ  ۔ .شیخوپورہ میں شالیمار ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ پھاٹک مین نے بتایا ہے کہ وہ پھاٹک بند کر رہا تھاکہ آئل ٹینکر ٹریک پر چڑھ آیا اورجھٹکا کھا کروہیں رک گیا، ٹینکر ڈرائیور نے بتایا کہ ٹینکر کا ایکسل ٹوٹ گیا تھا،وہ کیا کرتا۔

شیخوپورہ پولیس نے شالیمارٹرین حادثے میں گرفتار آئل ٹینکر ڈرائیور اور پھاٹک مین سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پھاٹک والے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹرین آنے کی اطلاع پر وہ پھاٹک بند کر رہا تھا کہ آئل ٹینکر ٹریک پر چڑھ آیا اور جھٹکے سے وہیں رُک گیا، اس نے فوری ٹرین ڈرائیور کو گاڑی روکنے کا سگنل دیا، لیکن ٹرین نہ رک سکی اور حادثہ ہوگیا۔

آئل ٹینکر ڈرائیور کا کہنا ہےکہ ٹینکر میں 60 ہزار لیٹر پٹرول تھا، ٹریک پر آتے ہی ٹینکر کا ایکسل ٹوٹ گیا، ایکسل نہ ٹوٹتا تو حادثہ نہ ہوتا، قصور اس کا نہیں،ٹینکر کے پرزوں کا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ 24 گھنٹے میں پیش کردی جائےگی ۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے جاوید انور نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے ٹرین ڈرائیور کے اہل خانہ کو ایک کروڑ 20لاکھ جبکہ اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور کے لواحقین کو ایک کروڑ 17لاکھ روپے کا امدادی پیکیج دینے کا اعلان کیا ہے،دونوں ڈرائیوروں کے ایک ایک بچے کوملازمت بھی دی جائےگی۔