عارف علوی بطور صدارتی امیدوار کامیاب قرار، حتمی نتیجہ

بدھ05  ستمبر 2018
قومی آواز ۔ اسلام آباد
صدارتی انتخاب میں مجموعی طور پر ایک ہزار 110 ووٹ کاسٹ ہوئے، عارف علوی کو 576 مجموعی درست ووٹ ملے، الیکشن کمیشن۔
چیف الیکشن کمشنر نے صدارتی انتخاب کا حتمی نتیجہ مرتب کرلیا جس کے مطابق تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی بطور صدارتی امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے فارم 7 پر صدارتی انتخاب کا حتمی نتیجہ مرتب کرلیا اور چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا نے بطور ریٹرننگ افسر حتمی نتیجہ مرتب کیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب میں مجموعی طور پر ایک ہزار 110 ووٹ کاسٹ ہوئے جس میں سے 28 ووٹ مسترد ہوئے جب کہ 1 ہزار 82 ووٹ درست قرار پائے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کامیاب ہونے والے امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کو 576 مجموعی درست ووٹ ملے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب کا حتمی نتیجہ وفاقی حکومت کو بھجوایا جارہا ہے، صدر کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن وفاقی حکومت جاری کرے گی۔

یاد رہے کہ صدارتی انتخاب کے لیے کل پارلیمنٹ اور تمام صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ کے بعد الیکشن کمیشن نے حتمی فیصلہ آج کے لیے روک لیا تھا اور ریٹرننگ افسر چیف الیکشن کمشنر نے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد حتمی نتیجہ مرتب کیا۔