لبرل حکومت عوام پر ٹیکس پر ٹیکس لگا کر اپنی قسمت سنوارنے میں لگی ہے ، کنزرویٹیو رہنما لیزا ریٹ کی حکومتی ارکان پر شدید تنقید

Monday, October 30, 2017
قومی آواز ۔ ٹورنٹو

لبرل حکومت عوام پر ٹیکس پر ٹیکس لگا کر اپنی قسمت سنوار نے میں لگی ہے۔ یہ بات ایک پریس ریلیز میں کہی گئی ہے جو کنزرویٹو پارٹی کی ڈپٹی لیڈر لیزا ریٹ کے دفتر سے جاری کیا گیا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ حکومتی اعلیٰ قیادت اور دیگراعلیٰ عہدیدار خصوصاً وزیر مالیات کے بارے میں یہ باتیں گردش کر رہی ہیں کہ وہ بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے پائے گئے ہیں ۔ پریس ریلیز میں ٹرانس کینیڈاانرجی ایسٹ پروجیکٹ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ یہ منصوبہ اعلیٰ حکومتی نوکر شاہی کے کہنے پر سبو تاژ کیا گیا جس کی وجہ سے کمپنی کو اپنی لگائی گئی بولی واپس لینی پڑی اور یوں یہ پائپ لائن منصوبہ بند ہو گیا ۔کہا گیا تھا کہ یہ منصوبہ کینیڈا کی تاریخ بدل دے گا،ہزاروں لوگوں کو نوکریاں ملیں گی، ہر روز لاکھوں بیرل تیل البرٹا سے سینٹ جان تک جائے گا ، اس سے کینیڈا اپنے تیل کی پروڈکشن میں خود کفیل ہو جائے گاوغیرہ وغیرہ ۔مگر ہوا یہ کہ منصوبہ ٹھیک طرح سے شروع بھی نہیں ہوا تھا کہ بند کرنا پڑااور ہزاروں ملازمتوں کا نقصان الگ ہوا۔ لیزا ریٹ کا کہنا ہے کہ کنزرویٹو جانتے ہیں کہ منصوبے کیسے چلائے جاتے اور مکمل کئے جاتے ہیںمگر اس کے لئے عوامی حمایت اور تعاون درکار ہوتا ہے ۔کنزرویٹو اگر حکومت میں آئے تو وہ انرجی منصوبے دوبارہ سے شروع کریں گے اور لوگوں کو نوکریاں فراہم کریں گے۔