مسی ساگا میں ڈرگ لیب پر چھاپہ، دو افراد غیر قانونی منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار

قومی آواز ۔مسی ساگا
27 اکتوبر ، 2017

پیل ریجنل پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ مسی ساگہ میںہانسیل سرکل دنداس اسٹریٹ میں ایک کمرشل علاقے میں چھاپہ مار کر ایک جگہ سے غیر قانونی طور پر چلائی جانے والی ایک لیب پکڑی گئی ہے جہاں سے غیر قانونی طور پر منشیات کے کاروبار کی اطلاع ملی تھی۔ چھاپے کے وقت چھاپے کے قریب واقع ایک دکان کے مالک محمد علی کا کہنا تھا کہ وہ نماز کے لئے گئے ہوئے تھے جب واپس آئے تو مخصوص لباس میں موجود پولیس اہلکاروں نے انہیں دکان پر جانے یا گلی میں داخل ہونے سے روک دیا۔ اسی طرح ایک اور مقامی خاتون کا کہنا تھا کہ پولیس والوں کے اپنے پڑوس میں دیکھ کر وہ حیران رہ گئیں اور خوفزدہ بھی ہو گئی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ایک معمول کی کاروائی تھی جس کا مقصد منشیات کا کھوج لگانا تھا ۔ جائے وقوعہ سے دو افراد کو حراست میں لئے جانے کی اطلاع ہے ۔پولیس اس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔