معاملہ جج معطل کرنے کا نہیں، اس کے فیصلے کو معطل کرنے کا ہے: مریم نواز

قومی آواز: اسلام آباد 10 جولائی ، 2019

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو عہدے سے ہٹانے کے فیصلے پر کہا ہے کہ معزز اعلیٰ عدلیہ نے حقائق کو تسلیم کر لیا ہے۔

ٹوئٹر پر ایک بیان میں مریم نواز نے لکھا کہ “اللہ کا شکر۔۔۔مگر معاملہ کسی جج کو معطل کئے جانے کا نہیں۔ اس فیصلے کو معطل کرنے کا ہے جو اس جج نے دیا۔۔۔معاملہ کسی جج کو عہدے سے نکالنے کا نہیں۔ اس فیصلے کو عدالتی ریکارڈ سے نکالنے کا ہے جو اس جج نے دباؤ میں دیا۔”

ویڈیو اسکینڈل: احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ارشد ملک کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے مزید لکھا کہ جج کو فارغ کرنے کا واضح مطلب یہ ہے کہ معزز اعلیٰ عدلیہ نے حقائق کو تسلیم کر لیا ہے اگر ایسا ہی ہے تو وہ فیصلہ کیسے برقرا رکھا جا رہا ہے جو اُس جج نے دیا؟

انہوں نے کہا کہ اگر فیصلہ دینے والے جج کو سزا سنا دی ہے تو اس بےگناہ نواز شریف کو کیوں رہائی نہیں دی جارہی جس کو اسی جج نے سزا دی؟

مریم نواز نے مزید کہا کہ “اگر ایک جج Misconduct کا مرتکب پایا گیا ہے اور اسے اپنے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے تو اس Misconduct کا نشانہ بننے والے کو سزا کیسے دی جاسکتی ہے؟


متعلقہ خبریں