منشیات برآمد ہونے پر پی آئی اے فضائی میزبان کو حراست میں لے لیا گیا

قومی آواز : پیرس
Saturday, March 10, 2018
مالی مسائل میں گھری قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 749 کے فلائٹ اسٹیورڈ تنویر گلزار کو پیرس میں منشیات برآمد ہونے پر فرانسیسی حکام نے حراست میں لے لیا۔

ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور کے مطابق ‘فلائٹ اسٹیورڈ سے کتنی منشیات برآمد ہوئی، اس حوالے سے فرانسیسی حکام نے نہیں بتایا’۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ‘اب دیکھنا یہ ہے کہ فضائی میزبان کو فرانس میں سزا ہوتی ہے یا اسے ڈی پورٹ کیا جاتا ہے’۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ‘قومی ایئرلائن نے تنویر گلزار کو معطل کر دیا ہے اور الزامات ثابت ہو گئے تو اسے نوکری سے بھی برخاست کر دیا جائے گا’۔

ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ ‘سیکیورٹی چیکنگ پی آئی اے کی ذمےداری نہیں ہوتی’۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘یہ ایک سوالیہ نشان ہے کہ سیکیورٹی مراحل سے گزار کر منشیات کو طیارے میں کیسے پہنچایا گیا’۔