نوازدور میں ایک ہی چیز محفوظ ہے،پاناماکیس کا فیصلہ ، اعتزاز

April 04, 2017
قومی آوازسکھر
پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پاناما کیس 4دن کا تھا، جس کا پانچویں دن فیصلہ آنا چاہئے تھا،نوازشریف کی حکومت میں صرف ایک چیز ہی محفوظ ہے اور وہ ہے پاناما کیس کا فیصلہ ۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ تاخیر سے ریاست اور سیاست کے ساتھ عدالت کا بھی نقصان ہورہا ہے، جبکہ عوام میں بےچینی بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ2013ء کا الیکشن آر اوز کا تھا، جو شفاف نہیں تھا، شہید بھٹو کے قتل پر آصف زرداری نے ریفرنس دائر کیا ہے۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ نواز شریف نے تسلیم کرلیا تھا کہ یہ فلیٹ ان کے تھے، ان کے والد نے تجارت کی، اربوں روپے بنے مگر کوئی ریکارڈ نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے 1989ء میں وفاق کے چیف سیکریٹری، آئی جی، ہوم سیکریٹری کو فارغ کردیا تھا اور کہا تھا کہ میں ان کو لارنس گارڈن کا ہیڈ مالی لگا دوں گا،اس وقت کسی کو اعتراض نہیں ہوا، ان کے پیچھے لوگ کھڑے تھے۔

اعتزاز احسن نے آئی جی سندھ کے حوالے سے کہا کہ مجھے نہیں پتہ کہ اے ڈی خواجہ کیسا آدمی ہے، مانا اچھا آدمی ہوگا، 18ویں ترمیم کے بعد صوبے کا حق ہے کہ کس کو آئی جی رکھنا ہے۔