نومنتخب صدر عارف علوی 13ویں صدر کی حیثیت سے آج حلف اٹھائیں گے

ھفتہ 08 ستمبر 2018
قومی آواز ۔ اسلام آباد
دوپہر ایک بجے نئے صدر پاکستان سے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار حلف لیں گے۔ فوٹو: فائل
نومنتخب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آج 13ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔

ترجمان ایوان صدر کے مطابق دوپہر ایک بجے چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی سے حلف لیں گے۔

تقریب حلف برداری میں وزیراعظم پاکستان عمران خان، وفاقی وزراء اور مسلح افواج کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔

سابق صدر مملکت ممنون حسین کو مدت صدارت ختم ہونے پر گزشتہ روز الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، سابق صدر نے گارڈ آف آنر کے بعد ایوان صدر کے ملازمین سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور پھر ممنون حسین ایوان صدر سے روانہ ہو گئے۔

صدر ممنون حسین کو ایوان صدر میں الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا — فوٹو: پی آئی ڈی
ڈاکٹر عارف علوی 4 ستمبر کو ہونے والی پولنگ کے نتیجے میں ملک کے آئندہ صدر کی حیثیت سے منتخب ہوئے تھے۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق صدر ممنون حسین نے گزشتہ روز ایوان صدر کے افسران اور اہلکاروں سے الوداعی ملاقات کی۔

اس موقع پر صدر ممنون حسین نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ آئین وقانون کی پاسداری اور اچھی حکمرانی میں ہی وطنِ عزیز کی ترقی اور خوشحالی پوشیدہ ہے۔

ممنون حسین نے کہا کہ وہ عہدہ صدارت چھوڑتے وقت اس بات پر مطمئن ہیں کہ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اپنے اختیارات اور آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کیا۔

صدر ممنون حسین نے ایوانِ صدر کے عملے کا شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون سے وہ اپنی سرکاری ذمہ داریاں احسن انداز میں پوری کر پائے۔


متعلقہ خبریں