وزیر اعظم اپنے اہل خانہ کے ہمراہ نئی دہلی پہنچ گئے ،ائیر پورٹ پر نمستے کا سلام

Sunday, February 18, 2018
قومی آواز :نئی دہلی

وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اپنے انڈیا کے ایک ہفتے کے سرکاری دورے پر ہفتے کی شام نئی دہلی پہنچے جہاں ان کا کینیڈا کے ہائی کمشنر نادر پٹیل نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ استقبال کیا ۔وزیر اعظم کے ہمراہ ان کی اہلیہ صوفی گریگوری اور بچے زیویر ، ایلا گریس اور ہیڈرین بھی انڈیا گئے ہیں۔ وزیر اعظم اور ان کی فیملی جوں ہی طیارے سے باہر آئے سب نے ہاتھ جوڑ کر انڈیا کا روایتی سلام نمستے کیا جسے انڈین میڈیا نے بہت سراہا۔ اپنے انڈیا کے بیس گھنٹے طویل سفر کے دوران وزیر اعظم کاطیارہ کچھ دیر روم میں ایندھن لینے کے لئے رکا جہاں وزیر اعظم طیارے سے باہر آ گئے اور لوگوں میں گھل مل گئے۔ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا یہ سات روزہ دورہ بزنس ، تعلیم ، خواتین کے حقوق، انسانی حقوق پر بات چیت اور انڈیا کے مشہور اور قابل دید مقامات دیکھنے کےلئے بھی ہے۔ وزیر اعظم کی انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ کئی میٹنگز بھی متوقع ہیں جن میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقا ت بڑھانے کے معاملات پر غور کیا جائے گا۔