ٹرمپ کا اپنی انتظامیہ کا ٹھوس دفاع، نیوز میڈیا پر تنقید

ٹرمپ کا اپنی انتظامیہ کا ٹھوس دفاع، نیوز میڈیا پر تنقید

فروری 17, 2017

قومی آواز۔ واشنگٹن ۔ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ’’یہ انتظامیہ ’فائن ٹیون‘ مشین کی طرح، تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے‘‘؛ اور یہ کہ ’’اپنے لوگوں کے تحفظ کے لیے ایک نیا اور بہت ہی مربوط حکم نامہ جاری کیا جائے گا‘‘
صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کو اپنی صدارت کے خلاف ہونے والی نکتہ چینی کا ٹھوس دفاع پیش کیا، ذرائع ابلاغ میں آنے والی رپورٹوں کا ذکر کیا جن میں کہا گیا ہے کہ اُن کے مشیروں نے روسی اہل کاروں سے نامناسب رابطہ کیا اور اس بات کا عہد کیا کہ صیغہٴ راز کی نوعیت کی معلومات کے افشاٴ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اُنھیں عہدہٴ صدارت سنبھالے تقریباً ایک ماہ ہوچکا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں منعقدہ اخباری کانفرنس سے خطاب میں، ٹرمپ نے کہا کہ اُن کی نئی انتظامیہ نے ’’اہم پیش رفت‘‘ حاصل کی ہے اور کاروباری حالات کو سازگار بنایا ہے اور اسٹاک مارکیٹ میں مثبت ریل پیل نظر آ رہی ہے۔

صدر نے ذرائع ابلاغ میں آنے والی اِن رپورٹوں کی مذمت کی جن میں کہا گیا ہے کہ اُن کے ایک متنازع انتظامی حکم نامے کے بعد اُن کی انتظامیہ الجھن میں پھنس گئی ہے، جسے اِن دنوں قانونی جنگ کا سامنا ہے، جس حکم نامے میں سات مسلمان اکثریتی ملکوں سے سفر پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ’’یہ انتظامیہ ’فائن ٹیون‘ مشین کی طرح، تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے‘‘۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’اپنے لوگوں کے تحفظ کے لیے ایک نیا اور بہت ہی مربوط حکم نامہ جاری کیا جائے گا‘‘۔

وائٹ ہاؤس کے ’ایسٹ روم‘ میں اخباری کانفرنس کے دوران، نئے صدر نے ذرائع ابلاغ پر بار بار نکتہ چینی کی، یہ الزام لگاتے ہوئے کہ یہ ’’کنٹرول سے باہر‘‘ ہو چکا ہے اور وعدہ کیا کہ وہ ’’براہ راست لوگوں تک یہ پیغام‘‘ پہنچائیں گے۔

اُنھوں نے ’نیو یارک ٹائمز‘ اور ’سی این این‘ کی حالیہ رپورٹوں کو مسترد کیا جن میں کہا گیا تھا کہ انتخاب سے پہلے، ٹرمپ کے انتخابی مہم کے مشیروں نے روسی اہل کاروں سے رابطہ کیا۔ ٹرمپ نے صدارتی انتخاب کے اپنے سابق مشیر، پال منافورٹ کو، جن کے یوکرین اور روس کے ساتھ رابطے تھے، ’’ایک محترم شخص‘‘ قرار دیا۔

ٹرمپ نے اِن رپورٹوں کو ’’فریب‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُن کا ’’روس سے کچھ لینا دینا نہیں‘‘۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’’روس سے متعلق خبریں جھوٹ ہیں۔ یہ غلط خبریں ہیں جو میڈیا دے رہا ہے‘‘۔