ٹورنٹو ائیر پورٹ کی اپ گریڈنگ کا کام جاری ،پروازوں کا شیڈول متاثر، مسافروں کو پریشانی کا سامنا

April 07, 2017

قومی آواز ۔ ٹورنٹو
ٹورنٹو ائیر پورٹ کی اپ گریڈنگ کا کام جاری ،پروازوں کا شیڈول متاثر، مسافروں کو پریشانی کا سامنا
ٹورنٹو کی اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے جس کی وجہ سے ائیر پورٹ پر طیاروںکی آمد و رفت اور مسافروں کی ہینڈلنگ کے کام میں دشواریوں کا سامنا ہے ۔گریٹر ٹورنٹو ایریا ائیر پورٹ کا شمار کینیڈا کے مصروف ترین ائیر پورٹس میں ہوتا ہے۔ائیر پورٹ میں توسیع اور کارگو اور مسافروں کی ہینڈلینگ کے پروسیجر کو مزید بہتر بنانے کے لئے 30ملین ڈالر کی رقم سے اپ گریڈیشن کے کام کا آغاز کیا گیا ہے۔پچھلے دس سالوں میں پیرسن میں شروع ہونے والا یہ سب سے بڑا پروجیکٹ ہے۔ پیرسن ائیر پورٹ رن ویز پر دن رات کام ہو رہا ہے تاکہ ائیر پورٹ جلد سے جلد پوری طرح فنکشنل ہو سکے۔ائیر پورٹ اتھارٹی کے سربراہ اولسن کہتے ہیں کہ تمام محکمے مل جل کر کام کر رہے ہیں اور تعمیراتی کام کی وجہ سے جن لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں جلد ہی ان کا خاتمہ ہو جائے گا۔اتھارٹی کے مطابق ونٹر سیزن میں یہاں سے بہت لوگ سفر کرتے ہیں اور ائیر پورٹ استعمال کرنے والوں کا رش بہت بڑھ جاتا ہے۔امید کرتے ہیں کہاس وقت تک یہاں کام مکمل ہو جائے گا اور لوگوں کو سفر میں کوئی تکلیف نہیں ہو گی۔ پروجیکٹ کی تکمیل کے لئے جون 2017کا ہدف رکھا گیا ہے۔رن وے پر کام کی وجہ سے پروازوں کے شیڈول متاثر ہوئے ہیں اور پروازوں کی اڑان میں ایک تا ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر معمول کی بات بن گئی ہے۔ائیر پورٹ کے اطراف رہنے والوں نے شکایت کی ہے کہ پروازوں کی تاخیر اور وقت بے وقت کی پروازوں سے ان کے گھروں میں شور بڑھ گیا ہے اور ان کی پرائیوسی متاثر ہو رہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ائیر پورٹ پر ہونے والا زیادہ تر کام مئی جون تک ختم ہو جائے گا تاہم فنشنگ کا کام اکتوبر تک جاری رہ سکتا ہے۔ گریٹر ٹورنٹو ائیر پورٹ اتھارٹی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ائیر پورٹ آنے سے قبل اپنا فلائٹ شیڈول چیک کر لیں تاکہ انہیں عین وقت پر پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔۔