پارلیمان کی اقلیت نے کل غیر آئینی قرار داد منظور کی: اسد عمر

2023 –  اپریل – 07

قومی آواز

لاہور: پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کل پارلیمنٹ میں پاس کی جانے والی قرارداد کو غیر آئینی قرار دے دیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ کل پارلیمان میں سب نے آئین کے منافی تقاریر کی ہیں، کل پارلیمان کی اقلیت نے اسمبلی میں قرار داد منظور کی، 342 کے ایوان میں صرف 42 لوگوں کے دستخط ہیں، اقلیت نے کل ایک غیر آئینی قرار داد پاس کی۔

انہوں نے کہا ہمیں یقین ہے کہ تمام ادارے سپریم کورٹ کے حکم پرعمل کریں گے اور پورا ملک جلد الیکشن کی طرف جائےگا، ملک میں آئین کی حکمرانی برقرار رہے گی، تمام ادارے سپریم کورٹ کے احکامات کے پابند ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت پنجاب میں الیکشن ہوں گے اور باقی پاکستان بھی جلد جمہوریت کی جانب جائےگا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان چاہتے ہیں ادارے مضبوط ہوں اور قانونی دائرے میں رہ کرکام کریں، عمران خان نے وزیراعظم بننا ہے اس میں کوئی شک نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ 1971 کے بعد سے ملک نے اتنا بڑا بحران نہیں دیکھا، آج ملک میں مہنگائی کی شرح 45 فیصد تک ہے، پی ٹی آئی دور میں ملک اقتصادی لحاظ سے بہتر تھا، عمران خان نے تین سال آٹھ ماہ کی وزارت عظمیٰ کے دور میں معیشت کے لیے سب کچھ کرکے دکھایا، ان کی وزارت عظمیٰ میں شرح نمو 6 فیصد رہی ، 5 ریکارڈ فصلیں ہوئیں اور  صنتعوں نے ترقی کی، اس دور میں مہنگائی کی شرح 12فیصد تھی اور آج 45فیصد ہے


متعلقہ خبریں