پاکستان نے چوتھے ون ڈے میں بھی سری لنکا کو شکست دیدی

قومی آواز ۔ شارجہ
Friday, October 20, 2017
پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کے چوتھے ون ڈے میں بھی پاکستان نے یک طرفہ مقابلے کے بعد سری لنکا کو شکست دیدی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 174 رنز کا ہدف 39 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے بابراعظم اور شعیب ملک نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور دونوں ناقابل شکست رہے۔ شعیب ملک نے زوردار چھکا لگا کر میچ کا اختتام کیا۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا۔

سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں اپنا ڈیبیو کرنے والے امام الحق چوتھے ون ڈے میں صرف دو رنز ہی بنا سکے۔

فخر زمان بھی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور 17 کے انفرادی اسکور پر دننجیا نے انہیں اسٹمپڈ آؤٹ کرا دیا۔

پاکستان کو تیسرا نقصان محمد حفیظ کی صورت میں ہوا جو 58 کے مجموعی اسکور پر 9 رنز بنا کر پراسنا کی گیند پر گماگے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

تین وکٹیں جلد گر جانے کے بعد بابر اعظم اور شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔

بابر اعظم اور شعیب ملک نے 69، 69 رنز کی اننگز کھیلیں۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 119 کی شراکت قائم ہوئی۔

اس سے قبل سری لنکن بلے باز پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئے اور پوری ٹیم 44 اوورز میں 173 رنز پر ہمت ہار گئی۔

سری لنکا کی جانب سے نروشان ڈکویلا اور اپل تھرنگا نے اننگز کا آغاز کیا۔

ون ڈے ڈیبیو کرنے والے عثمان شنواری نے اپنے پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر اِن فارم سری لنکن قائد اپل تھرنگا کو صفر پر کلین بولڈ کر دیا۔

سری لنکا کو دوسرا نقصان پانچویں اوور میں ہوا جب ڈکویلا 22 رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

مہمان ٹیم کا اسکور 59 تک پہنچا تو چندیمل 16 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز سمیرا سمارا وکراما بغیر کوئی رنز بنائے عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

سری وردنا کو 91 کے مجموعی اسکور پر حسن علی نے صرف 13 رنز پر ہی چلتا کیا۔

سکوگو پرسنا 99 کے مجموعی اسکور پر شاداب خان کی گگلی پر کلین بولڈ ہو ئے۔

اگلی ہی گیند پر شاداب نے تھسارا پریرا کو بھی سلپ میں کیچ آؤٹ کرا دیا۔

حسن علی نے دننجیا کو 142 کے مجموعی اسکور پر سرفراز احمد کے ہاتھوں وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا۔

لہیرو تھریمانے کو عماد وسیم نے 62 کے انفرادی اسکور پر کیچ آؤٹ کرایا۔ لہیرو گماگے کو حسن علی نے ایک رنز پر کلین بولڈ کیا۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 لنکن بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

شاداب خان اور عماد وسیم نے 2، 2 وکیٹں حاصل کیں جبکہ جنید خان اور عثمان شنواری کے حصے میں بھی ایک ایک وکٹ آئی۔

قبل ازیں آئی لینڈر قائد اپل تھرنگا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

تیسرے ون ڈے میں باہر بیٹھنے والے عماد وسیم کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی جن کے لئے فہیم اشرف کو جگہ خالی کرنا پڑی۔

قومی ٹیم کو سیریز میں پہلے ہی 0-3 کی برتری حاصل تھی اور اب کپتان سرفراز احمد کی نظریں مہمان ٹیم کو وائٹ واش کرنے پر لگی ہیں۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کل 122 ون ڈے میچز کھیل چکی ہے جس میں سے 81 میں اسے کامیابی، 40 میں ناکامی اور ایک میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

شارجہ میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں 35 مرتبہ آمنے سامنے ہوئیں جس میں سے گرین شرٹس نے 22 بار کامیاب رہی جبکہ 12 بار کامیابی سری لنکا کے حصے میں آئی۔

ایک اور دلچسپ حقیقت یہ ہے کے اس میدان میں پہلا ایک روزہ میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 1984 میں کھیلا گیا جس میں جیت سری لنکا کو ملی تھی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز انضمام الحق کے پاس ہے جنھوں نے 59 میچز میں 2464 رنز بنائے جبکہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کے پاس ہے جنہوں نے 77 میچز میں 122 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔