پی ٹی آئی حکومت نے 100 روزہ کارکردگی عوام کے سامنے رکھ دی

قومی آواز ۔ اسلام آباد
پاکستان نیوز 29 نومبر ، 2018

وزیراعظم کے معاون خصوصی ارباب شہزاد نے پی ٹی آئی حکومت کی 100 روزہ کارکردگی عوام کے سامنے پیش کر دی۔

کنوینشن سینٹر اسلام آباد میں حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہزاد ارباب کا کہنا تھا کہ 36 میں سے یہ 18 اہداف حکومت نے 100 دن میں حاصل کیے ہیں۔

انہوں نے کہا پانی کے تحفظ اور خوارک کے تحفظ کے لیے بنیادی کردار ادا کریں گے، دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کو ہنگامی بنیادوں پر تعمیر کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل پروٹیکشن پروگرام وزیراعظم کے دل کے بہت قریب ہے، یہ پروگرام حکومت کے فلیگ شپ پروگرام میں سے ایک ہو گا اور اس پروگرام سے دو کروڑ افراد کو غربت سے نجات ملے گی۔

بلین ٹری سونامی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شہزاد ارباب کا کہنا تھا کہ 10 بلین ٹری سونامی، دیگر ممالک میں سب سے بھرپور شجرکاری مہم ہے، اس مہم کے ذریعے پانچ سال میں ملک بھر میں 10 بلین درخت اگائے جائیں گے۔

جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کا تحریک انصاف نے نہ صرف وعدہ بلکہ عزم بھی کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 30 جون 2019 سے پہلے جنوبی پنجاب کے لیے الگ سیکریٹریٹ بنا دیا جائےگا۔

شہزاد ارباب نے مزید بتایا کہ جنوبی پنجاب کے لیے الگ ایڈیشنل سیکریٹری اور ایڈیشنل آئی جی تعینات ہوں گے اور جنوبی پنجاب کے لیے الگ سالانہ ترقیاتی پروگرام ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ فاٹا کا مرحلہ وار انضمام ابھی جاری ہے، فاٹا میں بلدیاتی انتخابات کو حتمی شکل دے رہے ہیں جب کہ قبائلی اضلاغ میں تیز رفتار ترقی کے لیے پروگرام پر آئندہ دو ماہ میں کام شروع ہوجائے گا۔

شہزاد ارباب کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی سمجتھے ہیں اور بلوچستان کے عوام کی اجنبیت کا احساس ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی قیادت سے بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات کیے جا رہے ہیں


متعلقہ خبریں