چوہدری نثار ان فٹ ،ناراض یا پھر کچھ اور ؟

اسلام آباد(قومی آواز –نیوز ڈیسک) اپوزیشن لیڈر نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہٹانے اور سانحہ چارسدہ پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔ خورشید شاہ کہتے ہیں چوہدری نثار وزارت داخلہ کیلئے فٹ نہیں کہیں اور لگادیں، ایسے واقعات میں براہ راست ذمہ داری وزیر داخلہ کی ہے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلزپارٹی کے رہنماء خورشید شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ میاں صاحب کو فیصلہ کرنا ہوگا، چوہدری نثار وزارت داخلہ کیلئے فٹ نہیں، انہیں کہیں اور لگادیں۔خورشید شاہ نے سانحہ چارسدہ پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا بھی مطالبہ کیا، کہتے ہیں ایسے واقعات میں براہ راست ذمہ داری وزیر داخلہ کی ہے۔اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ بھی وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرچکی ہے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنماء شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کابینہ میں کون ہو، کون نہیں، وزیراعظم کا مسئلہ ہے، وزراء کو اجلاسوں میں شرکت کرکے بریفنگ دینی چاہئے، کس کو کہاں لگانا ہے، یہ اپوزیشن کا کام نہیں۔مسلم لیگ ن کے رہنماءنے خورشید شاہ کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قائد حزب اختلاف کو ایسا بیان نہیں دینا چاہئے، کسی کو بیماری پر ہٹانے کا مطالبہ درست نہیں، چوہدری نثار اپنا کام ایمانداری سے کررہے ہیں، شاہ صاحب کو چوہدری نثار کی بیماری کا خیال کرنا چاہئے۔