چینی خاتون نے پیسے کی بچت کا انوکھا حل ڈھونڈ نکالا

بیجینگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین میں ایک خاتون مالی بچت کے لیے گھریلو استعمال کی گیس ایک بڑے پلاسٹک کے تھیلے میں بھر کے لے آئیں۔چین کے نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق شین ڈون صوبے کی رہائشی خاتون گھریلو استعمال کے لیے گیس ایک بڑے پلاسٹک کے بیگ میں بھر کر لاتی ہیں۔مبینہ طور خاتون نے یہ کام مالی بچت کے لیے کیا۔گیس گھر تک لانے کے لیے 6 میٹر (18 فٹ) لمبا بیگ استعمال کیا گیا، البتہ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس بیگ میں کتنی گیس لائی گئی اور یہ کتنے دنوں تک استعمال کی جاتی ہے۔خاتون کے اس طرح گیس لانے کو بعض لوگ خطرناک بھی قرار دیتے ہیں کیونکہ اس سے کسی بھی حادثے کا خدشہ ہو سکتا ہے۔گیس کا یہ بڑا سا تھیلا لانے کے لیے موٹر سائیکل کے ساتھ دو ٹائر کی گاڑی باندھی جاتی ہے اور اس کے اوپر اسے باندھ کر لایا جاتا ہے۔خاتون اس تھیلے کو گھر لا کر اپنے چولہے کے پائپ سے منسلک کر دیتی ہیں اور اس کو استعمال کرتی ہیں۔واضح رہے کہ چین کے دیہاتی علاقوں میں اکثر غریب افراد اسی طرح گیس لاتے ہیں کیونکہ اس سے ان کو گیس لانے میں آسانی ہوتی ہے البتہ گیس کے اس طرح استعمال سے حادثات بھی رونما ہوتے ہیں۔جون میں ہینان صوبے میں پلاسٹک کے تھیلے میں گیس استعمال کے دوران آتشزدگی ہوئی تھی جس سے ایک ہی خاندان کے متعدد افراد جھلس گئے تھے۔