کافی پینے سے آپ کی عمر میں اضافہ یا کمی

قومی آواز ….مانیٹرنگ ڈیسک

یوں تو کافی کے فوائد سے متعلق کئی تحقیق سامنے آچکی ہیں جس میں اسے ایک صحت مند مشروب قرار دیا گیا ہے اور ایسی ہی ایک نئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ دن میں 3 سے 5 کپ کافی پینے والوں میں موت کا خدشہ 15 سے 20 فیصد کم ہوجاتا ہے اور وہ کافی نہ پینے والوں سے لمبی عمرپاتے ہیں۔ہاورڈ یونیورسٹی میں کی گئی 20 سال کی تحقیق کے دوران 2 لاکھ خواتین اور 50 ہزار مردوں کی کافی سمیت دیگر مشروبات پینے کی عادات کا مطالعہ کیا جس کے ابتدائی نتائج سابق تحقیق سے مختلف نہ تھے اور تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ جو لوگ دن میں ایک کپ کافی پیتے ہیں ان کی زندگی میں 5 سے 9 فیصد تک ان لوگوں کے مقابلے میں اضافہ ہوتا ہے جو کافی نہیں پیتے۔تحقیق میں دلچسپ بات یہ بھی سامنے آئی کہ جو لوگ دن بھر میں 3 کپ کافی پیتے ہیں ان کی زندگی میں بھی اتنا ہی اضافہ ہوتا ہے۔ تحقیق کے ابتدائی نتائج کے بعد محققین نے ان لوگوں کے کافی پینے کا مشاہدہ کیا جو سگریٹ نہیں پیتے تو نتائج حیرت انگیز تھے جس کے مطابق جو لوگ سگریٹ نہیں پیتے اور دن میں ایک کپ کافی پیتے ہیں ان میں موت کا خدشہ 6 سے 8 فیصد کم ہوجاتا ہے جب کہ جو لوگ دن بھر میں 3 سے 5 کپ کافی پیتے ہیں وہ موت سے 15 فیصد تک دور چلے جاتے ہیں اور ایک صحت مند زندگی گزارتے ہیں۔ہاورڑ یونیورسٹی کے پروفیسر اور اس تحقیق کے بانی مصنف منگ ڈنگ کا کہنا تھا کہ تحقیق کے دوران تسلسل کے ساتھ یہ بات سامنے آئی کہ کافی کا پینا شوگر اور دل کی بیماریوں کے خدشے کو ختم کر کے انسان کو موت سے دور لے جاتا ہے جب کہ اس سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ جولوگ کافی پینے کے ساتھ ساتھ سگریٹ بھی پیتے ہیں ان میں سگریٹ کافی کے مضر اثرات کافی کے فوائد کو ختم کردیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ لیکن اس کے باوجود کافی کے کئی فوائد سگریٹ نوشی کرنے والوں کے لیے بھی کارآمد ہوتے ہیں کیوں کہ کافی میں موجود لیگنانس اور کلوروجینک ایسڈ جلن کو کم کرکے خون میں شوگر کو کنٹرول کرتا ہے اور دل کے دورہ پڑنے کے خطرات کو بھی کم کردیتا ہے اسی لیے کافی پینے والے نہ پینے والوں سے 10 فیصد دل کا دورہ پڑنے سے جان کی بازی ہارتے ہیں جب کہ کافی پینے والوں میں نیورلوجیکل بیماریوں پارکسن اور ڈائی مینشیا سے اموات کی شرح 9 سے 37 فیصد کم ہوتی ہے۔ تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ جو لوگ دن میں کم از کم ایک کپ کافی پیتے ہیں ان میں کافی نہ پینے والوں کے مقابلے میں خودکشی کرنے کے رجحان کی شرح بھی 20 سے 36 فیصد کم ہوتی ہے۔


متعلقہ خبریں