کشیدگی ختم ہونی چاہئے،سعودی عرب جلتی پر تیل نہ ڈالے : ایرانی وزیر خارجہ

قومی آواز ۔ تہران: ایران نے سعودی عرب کو جلتی پر مزید تیل چھڑکنے سے گریز کی وارننگ دے دی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے سفارتی بحران کو کم کرنے کی کوششوں کے برعکس سعودی عرب اس کے خلاف کام کر رہا ہے۔ سعودی عرب کو اپنے اس اقدام سے رکنا ہو گا ،خطے کے بڑے عدم استحکام سے دوچارہونے کے خدشات کافی بڑھ چکے ہیں۔ فرانس کی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دارالحکومت تہران میں بدھ کے روز عراقی ہم منصب ابراہیم ال جعفری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جواد ظریف نے کہا کہ ریاض کو تہران سے متصادم اقدامات فوری روک دینے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ اڑھائی سال سے سعودی عرب ایران کی سفارتکاری کی مخالفت کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہماری کوششوں کے خلاف برسرپیکار ہے اور بدقسمتی سے سعودی حکام نے ”نیو کلیئر ڈیل “ کی بھی مخالفت کی جبکہ تیل کی قیمتیں کم سطح پر برقرار رکھنے کی پالیسی سے بھی ایرانی شہریوں کو نقصان پہنچا یا گیا۔ انہوں نے کہاکہ کشیدگی پیدا کرنے کا رجحان ختم ہونا چاہیے ، ہمیں ایک ساتھ متحد ہونے کی ضرورت ہے اور ایسے لوگوں کو روکا جانا چاہیے جو جلتی پر تیل چھڑک رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں