کینیڈا کی خفیہ ایجنسیوں کا شہریوں کی الیکٹرانک نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ ، حکومتی زرائع

قومی آواز ٹورنٹو ۔
Friday, December 1, 2017

کینیڈا کی خفیہ ایجنسیوں نے فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات کو روکنے اور دیگر سماج دشمن سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لئے شہریوں کے ٹیلی فون، ای میلز اور دیگر الیکٹرانکس رابطوں پر نگرانی مزید سخت کی جائے گی۔اٹاوا میں اس سلسلے میں ممبران اسمبلی کو بریفنگ دی گئی ۔بتایا گیا کہ اب نگرانی کا سلسلہ عام شہریوں تک وسیع کیا جائے گا تاکہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا بر وقت توڑ کیا جا سکے۔ لائبریری آف پارلیمنٹ کی جانب سے جاری کئے جانے والے ایک ڈسکشن پیپر کے مطابق پارلیمنٹ میں بل سی 59پیش کر دیا گیا ہے جو خفیہ ایجنسیوں کو یہ اتھارٹی دے گا کہ وہ کسی بھی شہری کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکے۔جمعرات کو پولیس اور خفیہ ایجنسیوں کے نمائندے اس بل کے سلسلے میں قائم کی گئی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے۔لبرل حکومت نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ دہشت گردوں سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے قانون سازی کریں گے موجودہ قانون سازی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔کینیڈا کی سیکیورٹی انٹیلی جنس،کمیشن سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ اور دیگر بڑی خفیہ ایجنسیوںکو اب زیادہ اختیارات حاصل ہو جائیںگے کہ وہ شہریوں کے الیکٹرانک ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکیںگی۔