ہار بر فرنٹ ایریا میں پارکنگ بوائے کو زد و کوب کرنے والے دو افراد کی تصاویر میڈیا کو جاری ، پولیس ترجمان

قومی آواز ۔ ٹورنٹو ۔

Sunday, December 24, 2017

ہار بر فرنٹ میں گذشتہ ہفتے پارکنگ ایریا میں دو افراد کی جانب سے پارکنگ بوائے کو زد و کوب کئے جانے کی تصاویر پولیس نے میڈیا کو جاری کر دیں۔ تصاویر میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح دو افراد پارکنگ بوائے کو سر عام تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پارکنگ بوائے کو شدید چوٹیں آئی تھیں اور اسے اسپتال منتقل کرنا پڑا۔ ملزمان کے بارے معلوم ہوا ہے کہ وہ ایک گہرے رنگ کی وین میں سوار تھے اور ان کے ساتھ ایک خاتون بھی تھی ۔ واقعے کے بعد تینوں وہاں سے فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ایک ملزم تیس پینتیس سال کی عمر کا جبکہ دوسرا بھی تقریباً اسی کے لگ بھگ عمر اور قد کاٹھ کا تھا۔پولیس نے اس بارے میں معلومات رکھنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس سے رابطہ کر کے تفصیلات سے آگاہ کریں۔