ہمارا اور اسرائیل کا دشمن مشترک ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان

قومی آواز ۔ واشنگٹن
Sunday, April 07, 2018

ہمارا اور اسرائیل کا دشمن مشترک ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان

سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، سعودی ولی عہد، فوٹو: فائل
واشنگٹن: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کا دشمن مشترکہ ہے لیکن مسئلہ فلسطین حل ہونے سے قبل دونوں ممالک کے تعلقات قائم نہیں ہو سکتے۔

امریکی جریدے ٹائم میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ فلسطین اوراسرائیل کو اپنا اپنا وجود برقرار رکھنے کا حق حاصل ہے۔

سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کا دشمن ایک ہے۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں لیکن اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی سے قبل مسئلہ فلسطین کا حل ہونا ضروری ہے۔

اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ہم مسئلہ فلسطین کے پُر امن حل کی حمایت کریں گے اور یہ مسئلہ حل ہونے کے اگلے ہی روز اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال ہو جائیں گے اور یہی سب کے لیے بہتر ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں سعودی ولی عہد نے کہا کہ ایران مشرق وسطیٰ میں مسائل کی جڑ ضرور ہے مگر وہ سعودی عرب کے لیے بڑا خطرہ نہیں ہے، لیکن اگر اس پر نظر نہیں رکھی گئی تو پھر یہ خطرہ بن سکتا ہے۔