یہودی عبادتگاہوں میں دھمکی آمیز ای میلز موصول ہونے پر خوف و ہراس، ترجمان پولیس

Thursday, December 21, 2017

(قومی آواز ۔ ٹورنٹو)
ٹورنٹو سمیت کینیڈا بھر میں دس سے زائد یہودی عبادتگاہوں سینا گوگز میں دھمکی آمیز ای میلز موصول ہونے پر خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کے مطابق ان عبادتگاہوں میں سے چار کا تعلق ٹورنٹو سے ہے۔ آدات اسرائیل کانگری گیشن کے ترجمان کے مطابق ای میل میں سواستیکا کے نشان کے ساتھ یہودیوں کے بارے میں انتہائی متنازع الفاظ لکھے گئے ہیں۔ عبادتگاہ کے ربائی کا کہنا ہے کہ ای میل بھیجنے والوں کا مقصد یہودی کمیونٹی کو خوفزدہ کرنا ہو سکتا ہے۔ ٹورنٹو پولیس نے ان دھمکی آمیز ای میلز کو کنفرم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جا ئے گا۔ ٹورنٹو کے شہریوں نے اس واقعے پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے کینیڈا کے کلچر کے خلاف قرار دیا ہے اور اسے ایک نسلی منافرت پر مبنی اقدام قرار دیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی دھمکیوں کی کینیڈا کے سماج میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔