دو سالہ بچے کو مگر مچھ نگل گیا

قومی آواز ۔ اورلینڈو: امریکا کی ریاست فلوریڈا کے جنوبی شہر اورلینڈو، ڈزنی گرینڈ فلوریڈین ریسورٹ اینڈ اسپا جھیل میں 2 سالہ بچے کو مگرمچھ نگل گیا۔

حکام نے بتایا کہ ڈزنی کے گرینڈ فلوریڈین ریسورٹ اینڈ اسپا جھیل میں 2 سالہ بچہ اپنے والدین اور دوبھائی، بہن کے ساتھ گھومنے کے لیے آیا تھا، بچہ اپنے بہن بھائی کے ساتھ جھیل کے کنارے کھیل رہا تھا، اسی دوران مگرمچھ نے اچانک بچے پر حملہ کردیا اور گھسیٹتے ہوئے جھیل کے اندر لے گیا۔

حکام کو اس کے بعد سے وہ بچہ اور اس کو گھسیٹنے والا مگر مچھ نہ مل سکے جبکہ خدشہ یہی ہے کہ بچے کو مگر مچھ نے نگل لیا ہوگا۔

پولیس افسر ڈیمنگز نے بتایا کہ بچے کے والد نے مگرمچھ کے جبڑے سے بچے کو بچانے کی ہرممکن کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکے، بچے کو بچاتے ہوئے اس کے والد کے بازو پر بھی ہلکی خراشیں آئیں۔

انہوں نے بتایا کہ جھیل میں موجود مگر مچھ 7 فٹ (2.1 میٹر) لمبا ہے۔

ڈیمنگز کا کہنا تھا کہ پولیس اور جنگلی حیات کے 50 اہلکار بچے کو تلاش کررہے ہیں، کشتی اور ہیلی کاپڑ مستقل جھیل کا جائرہ لے رہے ہہں جبکہ غوطہ خوروں کی ٹیم بھی مگرمچھ کو پکڑنے کے لیے کوشاں ہے۔

اس ضمن میں فلوریڈا فش اور وائلڈ لائف کنورسیشن کمیشن کے چیڈ ویبر کا کہنا تھا کہ ہم بچے کی تلاش کے لیے بھرپور کوششیں کررہے ہیں، امید ہے کہ ہم بہت جلد بچے کو ڈھونڈ نکالیں گے ۔

ڈزنی کے گرینڈ فلوریڈین ریزورٹ اینڈ اسپا جھیل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد سےجھیل ویران ہوچکی ہے، لوگوں نے یہاں کا رخ کرنا بند کردیا۔

اس واقعے پر بچے کے والدین کے ساتھ اظہار افسوس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ریسکیو ٹیم کے ساتھ بچے کی تلاش جاری رکھیں گے۔

خیال رہے کہ 1948 سے اب تک ڈزنی گرینڈ فلوریڈین ریزورٹ اینڈ اسپا جھیل میں مگرمچھ کے حملے سے 22 افراد کی ہلاک ہوچکے ہیں۔