قومی آواز : ٹورنٹو
سائینس وتکنالوجی نیوز16، جولائی، 2020
فلسفہ کام سے محبت اور محبت سے کام کی جیتی جاگتی مثال گوگل ، یوٹیوب ، کروم، گوگل میپ، اینڈرائیڈ اورالفابیٹ کے بھارتی نژاد چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سندر پیچائی جنکا تعلق بھارتی شہر چنائی سے ہے اور انہوں نے اکتوبر 2015 میں گوگل کے چیف ایگزیکٹو کا عہدہ سنبھالا تھا۔ سندر پیچائی کی کہانی اور ان کی جدوجہد قابل ذکر ہے اور ان کا گوگل کے اعلیٰ عہدے تک پہنچنا بھارت کی ٹیکنالوجی کی دنیا میں اہمیت کی بھی علامت ہے۔ سندر پیچائی نے اپنی ابتدائی تعلیم چنائی میں ہی حاصل کی جہاں وہ اپنے اسکول کی کرکٹ ٹیم کے کپتان تھے اور ٹیم کو متعدد مقابلے بھی جتوائے۔انہوں نے مغربی بنگال کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سے میٹلرجیکل انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی۔ان کے ایک استاد کے مطابق پیچائی اپنے ہم جماعتوں میں ایک ذہین طالب علم جانے جاتے تھے۔2004 میں گوگل میں نوکری حاصل کرنے کے بعد سندر پیچائی نے اپنی تمام صلاحیتیں گوگل کے لیے وقف کردیں اور کمپنی کے لیے متعدد اہم پراجیکٹس کامیابی سے مکمل کیے ۔ جن میں گوگل کا ویب برائوزر کروم‘ اور موبائل فون میں استعمال ہونے والا آپریٹنگ سسٹم ’اینڈرائیڈ ‘ شامل ہیں۔بعد میں اینڈرائیڈ موبائل ایپلیکیشن نے دنیا کی معروف ترین موبائل ایپلیکیشن کا درجہ حاصل کیا حالانکہ جب وہ خود 12 سال کے تھے تو ان کے دو کمروں کے گھر میں ٹیلی فون بھی نہیں تھا اور ان کے پاس نہ تو کار تھی اور نہ ہی ٹی وی تھا۔چند سال قبل شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے انٹرنیٹ سرچ انجن ’گوگل ‘کے سربراہ سندر پیچائی امریکا کے سب زیادہ تنخواہ لینے والے چیف ایگزیکٹو ہیں۔کمپنی ریکارڈ کے مطابق سندر پیچائی کو فروری 2016 میں 19 کروڑ 90 لاکھ امریکی ڈالرز کے حصص دیے گئے۔
بعد ازاں گوگل کے سربراہ نے ‘گوگل فار انڈیا’ کے چھٹے ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوگل بھارت میں آئندہ 5 سے 7 سال میں 10ارب ڈالر (75ہزار کروڑ بھارتی روپے) کی سرمایہ کاری کرے گا۔