سندھ حکومت نے اصلاح الدین سے 2 کروڑ کی ہاکی گرانٹ سود سمیت واپس مانگ لی

قومی آواز
پاکستان – کھیل –  23 نومبر ، 2019

سابق اولمپئن اور ہاکی کے سپر اسٹار اصلاح الدین 2014 میں حکومت سندھ سےملنے والی 2 کروڑ روپے کی گرانٹ پاکستان کے قومی کھیل کے فروغ پر خرچ کرنے کے بجائے بینک میں رکھ کر بیٹھے رہے ۔

سابق اولمپئن کراچی میں نارتھ ناظم آباد میں قائم ایم اے شاہ اصلاح الدین اکیڈمی کے بانی اور چیئرمین ہیں۔ اس اکیڈمی کے قیام کا مقصد ہاکی کے میدان میں پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کے لیے کھلاڑی تیار کرنا تھا ۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ہاکی کی بین الاقوامی رینکنگ میں قومی ٹیم ناکامیوں کی دلدل میں گھری ہوئی ہے اور اصلاح الدین اکیڈمی کو 2 کروڑ روپے کی خطیر رقم ملنے کے باوجود اسے ہاکی کے فروغ پر خرچ نہیں کر سکی ۔

معاملے کا علم ہونے پر حکومت سندھ کے محکمہ کھیل نے چند ماہ پہلے اصلاح الدین سے پیسوں کے استعمال کرنے کی آڈٹ رپورٹ کے ذریعے حساب مانگ لیا۔

اصلاح الدین کے نام رقم کے آڈٹ رپورٹ کے حوالے سے لکھے خط کے جواب میں اکیڈمی کے چیئرمین نے حکومت کو جواب دیا کہ کہ انہوں نے ابھی تک یہ رقم استعمال ہی نہیں کی تو آڈٹ کس چیز کا کروائیں ۔ اپنے جوابی خط میں سابق اولمپئن نے حکومت کو آگاہ کیا کہ وہ ابھی اس رقم کے استعمال کے لیے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

تاہم حکومت سندھ ، ایم اے شاہ اصلاح الدین اکیڈمی کے بانی اور چیئرمین کے جواب سے مطمئن نہیں ہو سکی اور جیو نیوز کو حاصل ہونے والے سیکریٹری اسپورٹس سندھ امتیاز علی شاہ کے 24 اکتوبر کو اصلاح الدین کے نام لکھے خط میں ان سے 2 کروڑ کی گرانٹ سود سمیت واپس کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

اولمپئن اصلاح الدین اور ڈاکٹرشاہ ہاکی اکیڈمی کی حالت زار

صوبائی سیکریٹری کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نےنامسائد مالی حالات کے باوجود قومی کھیل کے فروغ کے لیے ہاکی کے افق پر راج کرنے والے اصلاح الدین کو معتبر سمجھتے ہوئے 2 کروڑ روپے کی خطیر رقم فراہم کی تاہم انہوں نے پانچ سال ضائع کر دیے اور رقم بینک میں رکھے رہے۔

انہوں نے کہا کہ اس صورت حال کے تناظر میں اب سابق اولمپئن کے جواب پر بھروسہ کر کے مزید وقت ضائع نہیں کیا جا سکتا۔

ایم اے شاہ اصلاح الدین اکیڈمی کھلاڑیوں کی رہائش اور سہولیات کی ابتر صورت حال پر میڈیا میں خبریں آتی رہیں لیکن اکیڈمی اس رقم کو استعمال کرنے سے نامعلوم وجوہات کی بنا پر گریزاں رہی اور اس سے معیاری کھلاڑی پیدا نہیں کر سکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کے رقم واپسی کے مطالبے پر سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے اصلاح الدین یہ رقم واپس کرنے پر تیار ہو گئے ہیں، اکیڈمی کے چیئرمین اصلاح الدین ایک دو روز میں گرانٹ واپس کرنے کا اعلان کرنے والے ہیں اور کروڑ وں روپے کی گرانٹ کھلاڑیوں پر خرچ ہوئے بغیر سندھ سرکار کو واپس جارہی ہے


متعلقہ خبریں