القاعدہ اور داعش سے تعلق کا الزام، عادل مسعود بٹ کی ساتھی تین خواتین گرفتار

قومی آواز ۔ کراچی: ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی کے علاقے محمود آباد ، پی ای سی ایچ ایس اور دیگر علاقوں میں چھاپے مار کر القاعدہ اور داعش سے تعلق کے الزام میں کراچی سے گرفتار ہونے والے دہشت گرد عادل مسعود بٹ کی ساتھی تین خواتین کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ حراست میں لی گئی خواتین میں تہمینہ، عظمیٰ اور سیما شامل ہیں جو سانحہ صفورہ کے ملزموں اور عادل مسعود بٹ کی سہولت کار کے طور پر کام کرتی رہی ہیں۔ خواتین شہر کے 2 مختلف علاقوں میں اسکول بھی چلا رہی تھیں۔ خواتین کے موبائل فون سے سانحہ صفورہ کے ملزموں سے رابطوں کی تصدیق ہو گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لی گئی خواتین 1996 سے القاعدہ سے منسلک ہیں۔ سیما نامی خاتون نے سانحہ صفورہ کے بعد کالعدم تنظیموں کے کارندوں کو 5 لاکھ روپے فراہم کئے۔ خواتین ملزموں کی روپوشی میں بھی اہم کردار ادا کرتی رہیں۔ واضح رہے گزشتہ روز کلفٹن میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کی اور القاعدہ کو فنڈنگ کے الزام میں نجی یونیورسٹی کے وی سی عادل مسعود بٹ کو گرفتار کیا تھا۔


متعلقہ خبریں