اونٹاریو کے اسپتالوں میں مریضوں کی بھر مار ، تیزی سے کم ہوتی سہولتوں پر لبرلز حکومت پریشان

قومی آواز ۔ ٹورنٹو
Tuesday, October 24, 2017

اونٹاریو کے اسپتالوں میں دن بدن مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں بستراور سہولتیں وہیں کی وہیں ہیں جس کی وجہ سے اسپتالوں کے مسائل میں اضافہ ہو رہاہے۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے لبرل حکومت نے بھاری بجٹ مختص کیا ہے جس کا مقصد اسپتالوں میں بارہ سو نئے بستروں کا انتظام کرنا ہے ۔یہ چھ درمیانے درجے کے نئے اسپتال قائم کرنے جیسا ہے۔ ہیلتھ منسٹر ایرک ہاسکنز کا کہنا ہے کہ اس پروجیکٹ پر لگ بھگ سو ملین ڈالر لاگت آئے گی۔ اونٹاریو حکومت اس بارے میں پریشانی کا شکار یوں بھی نظر آتی ہے کہ اگلے موسم سرما میں ماہرین کا خیال ہے کہ فلو کی بیماری پھیلنے کا خدشہ ہے جس کے شکار مریض اسپتالوں کا رخ کریں گے اور وہاں اگر بیڈ کم ہوئے تو حکومت کو لینے کے دینے پڑ سکتے ہیں۔