اگر آپ لاٹری جیت جائیں تو ان 12 اصولوں پر ضرور عمل کریں

قومی آواز ۔ واشنگٹن: کیا لاٹری امریکیوں کا نیا خواب ہے؟ لاکھوں ڈالر کی لاٹری نکلنا یقینی طور پر کسی کی زندگی بدلنے والا واقعہ ہوگا اور اگر انعامی رقم 100 ملین، 200 ملین یا 300 ملین ہو تو پھر کیا ہو؟ بہت سی لاٹریاں اتنی بڑی انعامی رقم تک پہنچ چکی ہیں۔ مستقبل کی پاوربال یا ریاستی لاٹری جیتنے والے یقینی طور پر فوری انتہائی امیر ہوجائیں گے۔ اگر بہت سے لاٹری جیتنے والے اپنے پیسے اڑا بیٹھتے ہیں تو یہ بالکل ٹھیک نہیں ہوگا۔ 24/7 وال سٹریٹ کچھ سادہ اور کچھ پیچیدہ غلطیوں کی نشاندہی کرتا ہے جو کسی لاٹری جیتنے والے کو دیوالیہ کر سکتی ہیں۔ 12 ایسی چیزیں بیان کی گئی ہیں جو لاٹری جیتنے والوں کو نہیں کرنی چاہئیں۔ فروری 2015 میں 564 ملین ڈالر جیک پوٹ کے تین ونر تھے جن میں رقم تقسیم کی گئی۔ نیویارک کی مارچ کی لاٹری میں 136 ملین ڈالر جیتے گئے۔ اس کے علاوہ بھی گزشتہ برسوں میں امریکہ میں 500 ملین ڈالر کے جیک پوٹس ہیں۔ سال کے آخر کی لاٹری میں 300 ملین تک جیتے جا سکتے ہیں۔ ایسی بہت سی فہرستیں ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ اگر کوئی لاٹری جیت جائے تو اسے کیا کرنا چاہیے۔ حیران کن طور پر کسی بھی فہرست میں کچھ ایسی چیزیں نہیں بتائی جاتیں جو انتہائی ضروری ہیں۔ کیا آپ کو معلوم ہے کہ اگر آپ لاٹری جیت گئے تو آپ کسی کا ہدف بن سکتے ہیں۔ کچھ لوگوں کو فوری دشمن مل جاتے ہیں اور کچھ اپنے ہی دشمن بن جاتے ہیں۔ 1980 کی دہائی 30 دن میں 30 ملین ڈالر خرچ کرنا آسان نہیں تھا مگر اب 10 ملین، 50 ملین یا 100 ملین بہت تیزی سے خرچ کئے جا سکتے ہیں اور ہوسکتا ہے کہ کوئی شخص اتنی رقم ایک یا دو دن میں ہی خرچ کر ڈالے۔ لاٹری جیتنے والے کو کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں کرنا چاہیے، اس حوالے سے کچھ نکات ایک دوسرے کے ساتھ ملتے جلتے ہیں اور بار بار آتے ہیں مگر مسئلہ یہ ہے کہ راتوں رات امیر ہونے والے ان باتوں پر عمل نہیں کرپاتے۔
یہاں فراہم کردہ 12 نکات لاٹری جیتنے والوں کے علاوہ کسی عدالتی فیصلے، غیرمتوقع طور وراثت یا کسی کاروبار سے فوری بڑی رقم حاصل کرنے والوں کے لئے بھی مفید ہوسکتے ہیں۔
یہ نکات حسب ذیل ہیں

کیا لاٹری ٹکٹ سنبھال کر رکھا ہے؟
کیا آپ یہ تصور کرسکتے ہیں کہ آپ کا ٹکٹ کوئی چرا لے اور اس کی بنیاد پر انعام حاصل کرلے۔ اس حوالے سے لڑائی جیتنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ ٹکٹ کی ملکیت کا تنازع بہت پیچیدہ ہوتا ہے۔
لاٹری ٹکٹ مختلف ریاستوں میں مختلف اوقات میں ختم ہوتے ہیں مگر ان کی عمومی عمر 90 روز ہوتی ہے تاہم لاٹری جیتنے والوں سے گزارش ہے کہ وہ ٹکٹ پر دستخط کرنا اور انہیں ریاست کو رپورٹ کرنا نہ بھولیں۔

لاٹری نکل آئی ہے تو ڈھنڈورا مت پیٹیں
ہوسکتا ہے آپ لاٹری جیتیں اور خوشی خوشی سب کو اس کے بارے میں بتاتے پھریں مگر یہ آپ کے لئے انتہائی خطرناک ہوسکتا ہے۔ آپ نے اغواءاور تاوان کے بارے میں تو سن رکھا ہوگا جبکہ ایک لاٹری ونر کو قتل بھی کردیا گیا تھا۔ اس لئے یہ ضروری ہے کہ انعام حاصل کرنے سے قبل لوگوں کو اس کے بارے میں نہ بتایا جائے۔

فوری کیش کے بجائے سالانہ اقساط وصول کریں
لاٹری جیتنے والے کو لاکھوں ڈالر فوری وصول کرنے کے بجائے آئندہ تیس سال کے لئے چیک وصول کرنے چاہئیں۔ لاٹری جیتنے والے 70 فیصد افراد چند سالوں میں اپنے پیسے گنوا بیٹھتے ہیں۔ اس لئے اگر فوری کیش وصول کرنے کے بجائے سالانہ بنیادوں پر پوری زندگی کے لئے رقم وصول کی جائے تو وہ اہم ہوسکتی ہے اور محفوظ بھی رہ سکتی ہے۔

اپنے آپ کو بہت چالاک یا ذہین مت سمجھیں
اتنی بڑی رقم کا انتظام کرنا اتنا آسان نہیں اور نہ ہی کوئی ساتھ بیٹھ کر شراب پینے والا اس حوالے سے کوئی اتنا مفید مشورہ دے سکتا ہے، اس لئے ضروری ہے کہ اتنی بڑی رقم کو مینیج کرنے کے لئے ماہرین سے رائے لی جائے، یہ بھی یاد رکھنا ہوگا کہ یہ رقم ٹیکس فری نہیں ہوتی۔

بھاری قرضے مت لیں
لاٹری نکلنے کے بعد اپنے آپ کو امیرسمجھتے ہوئے بھاری قرضے وصول نہ کئے جائیں۔ ایسی بھی ایک مثال ہے کہ کیلیفورنیا کے ایک ونر نے اپنی لاٹری کی رقم اڑا دی تھی اور ساتھ ہی بھاری قرضہ بھی چڑھا لیا تھا۔ اس لئے ضروری ہے کہ لاٹری جیتنے کی صورت میں قرضے سے بچا جائے۔

سادہ زندگی کو فوری پرتعیش مت بنا لیں
لاٹری جیتنے کے بعد سادہ زندگی کو فوری پرتعیش نہ بنا لیںکیونکہ جب آپ ہر ہفتے ہزاروں ڈالر اپنی عیاشی پر خرچ کریں گے تو آپ کی توقعات بھی بہت بڑھ جائیں گی۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہزاروں ڈالر کا جوا کھیلنے یا دوستوں کو کروز پر لے جانے کے بجائے رقم کو بچائیں اور کسی پیداواری کام میں استعمال کریں۔

دوست، رشتہ دار اہم ہیں مگر ان کی خواہشات نہیں
اگر لاٹری نکل آئے تو تھوڑا صبر سے کام لیں، ایسا نہ ہو کہ ادھر لاٹری نکلے اور ادھر آپ خاندان، دوستوں کے لئے درجن بھر گاڑیاں اور گھر خریدنے کے لئے نکل پڑیں۔ ایسا ایک واقعہ بھی موجود ہے کہ ایک لاٹری ونر نے تین ماہ میں 30 گاڑیاں خریدی تھیں۔

اپنے اخراجات بجٹ کے مطابق رکھیں
چاہیے آپ ارب پتی ہوجائیں مگر اپنے بجٹ کے اندر رہیں۔ غیرضروری اور بے حساب رقم کا استعمال رقم کے تیزی سے خاتمے کے ساتھ ساتھ آپ کو تعیش اور سہولت کا عادی بھی کردے گا۔

دوستوں، رشتہ داروں کے کاروبار میں معاونت ضروری نہیں
جیسے ہی معلوم ہوگا کہ آپ نے لاٹری میں لاکھوں ڈالر جیتے ہیں تو بہت سے دوست، رشتہ دار اپنے مشوروں کے ساتھ حاضر ہوجائیں گے مگر آپ کو چاہیے کہ ہر دوست اور ہر رشتہ دار کے کاروبار میں سرمایہ کاری کا نہ سوچیں۔

حاتم طائی مت بنیں
لاٹری نکل آئے تو حاتم طائی مت بنیں۔ کسی خیراتی یا مذہبی ادارے کو ساری رقم عطیہ کرنا کسی طور بھی مناسب نہیں ہوگا کیونکہ آپ تو رقم عطیہ کردینگے مگر جب آپ یا آپ کے خاندان پر کوئی مشکل آئے گی تو کوئی بھی آپ کی مدد نہیں کرے گا۔

مشہور شخصیات کا مقابلہ کرنے کی کوشش مت کریں
اگر آپ کے ہاتھ لاکھوں یا کروڑوں ڈالر آجائیں تو فلمی شخصیات یا کھلاڑیوں کے مقابلے کی کوشش مت کریں۔ 200 فٹ کی یاٹ یا یورپ میں قلعہ خریدنا یقینا اچھا لگتا ہے اور لاٹری کی رقم سے شاید یہ خواہشات پوری بھی ہوجائیں مگر کسی لاٹری ونر کے لئے یہ کسی طور بھی مناسب نہیں ہوگا کیونکہ ایسی پرتعش زندگی کو برقرار رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔

شریفانہ طرز زندگی اور قانون کا احترام ضروری ہے
امیر بہتر وکیلوں کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں مگر قانون کی پروا نہ کرکے کوئی ہمیشہ جیل سے نہیں بچ سکتا، اس لئے ضروری ہے کہ دولت مند ہونے کے بعد بھی قانون کا احترام کرنا چاہیے اور شرافت کی زندگی گزارنی چاہیے۔

ریاست ایلینوس کے 2015 کے بجٹ میں رقم مختص نہیں تھی اور ریاست کے پاس لاٹری جتنے والوں کو انعام دینے کے لئے فنڈز بھی نہیں تھے۔ اب آپ تصور کریں کہ آپ کے پاس وننگ لاٹری نمبر ہے مگر آپ رقم حاصل نہیں کرسکتے۔
یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ لاٹری جیتنے کا تصور کرنا اور کرنے اور نہ کرنے والے کاموں کی فہرست بنانا آسان ہے مگر جب حقیقت میں ایسا ہوتا ہے تو منطق کے راستے میں بہت سی چیزوں پر جی للچانا شروع ہوجاتا ہے۔


متعلقہ خبریں