دورجدید کے ’میاں ‘ میں پائی جانے والی خوبیاں،خواتین کی نظر میں

قومی آواز ۔ : نیو دہلی:عام طور پر ضرورت رشتہ کے اشتھار میں لڑکے والوں کی طرف سے لکھا جاتا ہے کہ مالی طور پر مستحکم لڑکے لئے خوبصورت، گوری ،سمارٹ اور سگھڑ لڑکی کا رشتہ درکار ہے۔ماضی میں عام طور پر لڑکی والوں کی ڈیمانڈ بھی اس سے کچھ زیادہ نہ ہوتی تھی کہ لڑکا لمبا جوان اور کھاتا پیتا ہو۔اس کے برعکس آج کے جدید دور میں لڑکیوں کے شوہر کے متعلق مطالبات یکسر تبدیل ہو چکے ہیں۔آج کی خواتین کی پسند کشادہ ذہن اور اچھا کھانا پکانے والے مردہیں۔علاوہ ازیں وہ اپنے ہونے والے شوہر کے متعلق ہر ممکنہ معلومات سے آگاہی کو اپنا حق سمجھتی ہیں۔رپورٹ کے مطابق حال ہی میں شادی کی ویب سائٹ کی طرف سے سروے کیا گیا ہے ۔سروے رپورٹ کے مطابق 51.9فیصد خواتین کا کہنا ہے کہ وہ ایسے مرد سے شادی کرنا چاہتی ہیں جو گھریلو کام کاج میں انکا ہاتھ بٹائیں۔علاوہ ازیں 39.5خواتین اچھا کھانا پکانے والے مردوں کو اپنا جیون ساتھی بنانے کی خواہاں ہیں۔شادی سے متعلق مشورے دینے والی خاتون ویدیکا شریشتھا کا کہنا ہے کہ جدید دور کی خواتین ماضی کی دقیانوسی خیالات کی حامل خواتین سے قدرے مختلف ہیں ۔انھوں نے مزید کہا کہ پرانے زمانے میں رواج کے مطابق دولھا اپنی ہونے والی دلھن کو دیکھنے کےلئے آتا تھااور دلھن شرمائی لجائی اسے دیکھنے سے بھی قاصر رہتی تھی۔تاہم آج کی لڑکیا ں نا صرف اپنے ہو نے والے شوہر کو دیکھنا بلکہ اسے بہتر انداز میں سمجھنے کے لئے اصرار کرتی ہیں ۔انھوں نے مزید کہا کہ شادی کا بندھن دوافراد کے درمیان ساری عمر کے لئے باندھا جاتا ہے اس لئے احتیاط ضروری ہے۔پروفیشنل انجینئر بیجلپتا داس گپتا کہتی ہیں کہ ہم بھی سارا دن مردوں کے برابراور کبھی کبھی ان سے بھی زیادہ کام کرتی ہیں ہمارا کام بھی انکی ہی طرح مشکل ہوتا ہے ایسی صورت میں اگر ہم اپنے شوہروں سے گھر کے کام میں ہاتھ بٹانے کے لئے کہہ دیتی ہیں تو اس میں غصے کی کیا بات ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ اچھا کھانا پکانے والے مردبے حد اچھے جیون ساتھی ثابت ہوتے ہیں۔شادی کے متعلق مشورے دینے والی رنجیتا کلیان چند مودا کا کہنا ہے کہ شادی سے پہلے مرد کے لئے(ایچ آئی وی) اور صلاحیت تولید کا طبی معائنہ لازمی قرار دیا جانا چاہیے۔