سری لنکا کا پاکستان کیخلاف تیسرے ون ڈے میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

October 18, 2017
قومی آواز۔ ابوظہبی
سری لنکا نے تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق دونوں ٹیمیں شام 4 بجے میدان میں اتریں گی۔

قومی ٹیم کو سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہے تاہم سیریز بچانے کے لئے مہمان ٹیم کو کامیابی درکار ہے۔

قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد کو تیسرے میچ کے لئے ڈراپ کرتے ہوئے امام الحق کو گیارہ رکنی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

مہمان سری لنکن ٹیم میں بھی دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، کوشال مینڈس کی جگہ چمارا کاپوگیدیرا اور سرنگا لکمل کی جگہ دشمانتا چمیرا ٹیم کا حصہ ہیں۔

پاکستان متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کو لگاتار دو سیریز میں شکست دے چکا ہے، آخری مرتبہ 2013 میں پاکستان نے مہمان سری لنکا کو 2-3 اور 2011 میں 1-4 سے شکست دی تھی۔

سری لنکا کے خلاف تیسرے میچ کے لئے قومی ٹیم فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، عماد وسیم، شاداب خان، رومان رئیس، حسن علی اور جنید خان پر مشتمل ہے۔

سری لنکن اسکواڈ میں کپتان اوپل تھرنگا، نروشان ڈکویلا، چمارا کاپوگیدیرا، لہیرو تھرمانے، دنیش چندیمل، ملندا سری وردانا، تھسارا پریرا، اکیلا دنندجایا، جیفری ونڈرسے، دشمانتا چمیرا اور لہیرو گیمج شامل ہیں۔