قوم ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہو ، کرسمس پر ضرورتمندوں اور مستحقین کا خیال رکھا جائے ، جسٹن ٹروڈو کا کرسمس پر قوم سے خطاب

Monday, December 25, 2017
قومی آواز ۔ ٹورنٹو ۔
وزیر اعظم نے کرسمس کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم ایک دوسرے کے ساتھ خوشیوں میں شریک ہو اور اس موقع پر ضرورتمندوں اور مستحقین کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کیا جائے اور ان کا خیال رکھا جائے۔ انہوںنے کہا کہ کینیڈین قوم نے 2017میں کنفیڈریشن کی ایک سو پچاسویں سالگرہ منا کر اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا ۔ ایسی ہی طاقت اور یکجہتی کا مظاہرہ قوم نئے سال اور کرسمس کے موقع پر بھی کر ے گی۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اس موقع پر اپنے ان فوجی جوانوں کو نہ بھولیں جنہوں نے اپنی جانیں قوم کی آزادی اور دفاع کے لئے قربان کر دیں۔ انہوں نے اپنی حکومت کی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان کی حکومت نے نچلے طبقے اور چھوٹے کاروباری حضرات کے لئے ٹیکس کٹوتی کر کے قوم کا دل جیت لیا ہے۔ ان کی حکومت آئندہ بھی عوام کی بہتری اور بھلائی کے لئے کام کر تی رہے گی۔ انہوں نے قوم کو کرسمس کی مبارکباد دی اور نئے سال کے لئے خوش آئند توقعات کا اظہار کیا۔