مسی ساگا کے ریسٹورنٹ میں فائرنگ کے الزام میں دو افراد گرفتار، پولیس

November 19, 2017
قومی آواز ۔
ٹورنٹو ۔
پیل پولیس کے ایک اعلامیے کے مطابق مسی ساگہ کے ریسٹورنٹ میں ہونے والی فائرنگ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ فائرنگ کا یہ واقعہ یکم ستمبر کو زیٹ ریسٹورنٹ میں پیش آیا تھا جہاں پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ریسٹورنٹ میں فائرنگ کا واقعہ ہوا ہے جس پر پو لیس پارٹی نے موقع پر پہنچ کر ایک گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ سے ایک خاتون کو بازیاب کرایا تھا جن کو گولی ماری گئی تھی۔ اٹھارہ سالہ خاتون شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کی گئی تھیں جہاں اب ان کی حالت تسلی بخش بیان کی جا تی ہے۔ پولیس نے اس فائرنگ کے الزام میں پچیس سالہ پال ڈونکلے اور بائیس سالہ راڈیل ڈنکن کو مسی ساگہ سے گرفتار کیا ہے ۔ دونوں ملزمان پر اقدام قتل کے علاوہ ممنوعہ ہتھیار رکھنے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔