نائن الیون حملوں میں جو جان سے گئے وہ امریکیوں کے دل میں بستے ہیں، ٹرمپ

منگل 11 ستمبر 2018
قومی آواز واشنگٹن

امریکی ریاست پنسلوانیا میں نائن الیون حملوں کی یاد میں تقریب منعقد ہوئی جس سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نائن الیون حملوں میں جو لوگ جان سے گئے وہ امریکیوں کے دل میں بستے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ میرا سارا پیار حملوں میں جان قربان کرنے والوں کے لیے ہے، حملوں میں جان قربان کرنے والوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

نائن الیون — دنیا کی تاریخ بدل دینے والی تاریخ

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کا مستقبل ہمارے دشمنوں نے نہیں ہیروز نے لکھا ہے۔

خیال رہے کہ 11 ستمبر 2001 وہ تاریخ ہے جب دہشت گردوں نے امریکی ترقی کی نشانی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کو حملوں کے لیے منتخب کیا اور نیویارک کے ماتھے کا جھومر ورلڈ ٹریڈ سینٹر لمحوں میں ملبے کا ڈھیر بن گیا، لیکن اس کے ساتھ ہی دنیا کی تاریخ بھی بدل گئی۔

نائن الیون کے واقعے کو 17 برس بیت چکے ہیں، لیکن اس حملے کے بعد شروع ہونے والی جنگ کی آگ ابھی تک بجھ نہ سکی۔

اس دن امریکی ایئرلائن کے 2 مسافر طیارے 18 منٹ کے وقفے سے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی دونوں عمارتوں سے ٹکرائے تھے، ان واقعات میں 3 ہزار کے قریب افراد جان سے گئے۔

اس حملے کے چند گھنٹوں بعد ہی اُس وقت کے امریکی صدر جارج بش نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کا عندیہ دیا، جس کا آغاز 7 اکتوبر کو افغانستان میں ‘آپریشن اینڈیورنگ فریڈم’ کے نام سے کیا گیا۔


متعلقہ خبریں