وزیراعظم عمران خان کے ایک روزہ دورہ کراچی کا مزار قائد پر حاضری

اتوار16 ستمبر 2018
قومی آواز ۔ کراچی
وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے جس کا آغاز انہوں نے مزار قائد پر حاضری سے کیا۔

وزیراعظم عمران خان کراچی ایئرپورٹ پہنچے تو گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ مزار قائد گئے۔

وزیراعظم نے مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کا گلدستہ بھی رکھا جس کے بعد وہ محترمہ فاطمہ جناح اور لیاقت علی خان کی قبروں پر بھی گئے اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیراعظم عمران خان اپنے ایک روزہ دورے کے دوران روایت کے برعکس تمام اجلاسوں کی صدارت گورنر ہاؤس کے بجائے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں کریں گے۔

 یہ خبریں آپ قومی آواز ٹورنٹو پر پڑھ رہے ہیں
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاق کے تعاون سے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر اجلاس بھی ہوگا جس میں گرین لائن بس منصوبہ، فراہمی آب کے منصوبہ ‘کے فور’ اور کراچی پیکیج پر بریفنگ دی جائے گی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق بھی اجلاس ہوگا جس میں گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سمیت کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ شرکت کریں گے۔

وزیراعظم اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں پودا لگانے کے علاوہ تاجروں، نمایاں شخصیات اور صحافیوں کے وفود سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان رات کو گورنر ہاؤس میں فنڈ ریزنگ عشائیے میں شرکت کریں گے جس کے بعد وہ رات میں ہی اسلام آباد روانہ ہو جائیں گے۔


متعلقہ خبریں